اسرائیل کے آئرن ڈوم اور ڈیوڈ سلنگ ایئر شیلڈز بنانے والے سرکاری دفاعی ٹھیکے دار نے بدھ کے روز ہائپرسونک میزائلوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک نیا دفاعی نظام تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رافایل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹمز لمیٹڈ کے چیئرمین یوفال اسٹائنٹز نے ایک تقریب میں بتایا کہ اسکائی سونک انٹرسیپٹر ہمیں ہر قسم کے ہائپر سونک خطرات کو روکنے کے قابل بنائے گا۔ان میں ہائپر سونک بیلسٹک میزائل اور ہائپر سونک کروز میزائل شامل ہیں۔
رافایل نے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کو اس پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا تھا لیکن اس نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ آیا اسرائیلی فوج اسکائی سونک کو نصب کر سکتی ہے یا نہیں۔ اسرائیل کی وزارت دفاع نے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ہائپر سونک میزائل آواز سے کم سے کم پانچ گنا زیادہ رفتار سے پرواز کر سکتے ہیں اور ایک پیچیدہ راستے پر پرواز کر سکتے ہیں، جس کی وجہ سے انھیں مار گرانا مشکل ہو جاتا ہے۔
رافایل کی جانب سے جاری کردہ اسکائی سونک کی ایک اینیمیٹڈ ویڈیو میں ایک انٹرسیپٹر میزائل کو لانچ بیٹری سے عمودی طور پر پرواز کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے بعد میزائل کے وار ہیڈ کو اپنے بوسٹر کے ساتھ آنے والے خطرے کی طرف اڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
رافایل نے کہا کہ اس نظام کی رونمائی اگلے ہفتے پیرس ایئر شو میں کی جائے گی۔اسرائیل کا روایتی دشمن ایران 6 جون کو اپنے پہلے مقامی ساختہ بیلسٹک ہائپرسونک میزائل فتح کو منظر عام پر لایا تھا۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ میزائل 15 ہزار کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے مار سکتا ہے اور کم فاصلے تک مار کرنے والے آئرن ڈوم کی طرح اسرائیلی دفاع سے بچ سکتا ہے۔
اس موقع پر اسرائیلی وزیر دفاع یوآف گیلنٹ نے کہا تھا کہ ’’ایسی کسی بھی پیش رفت پر ہمارے پاس اس سے بھی بہتر ردعمل ہے‘‘ لیکن انھوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی تھی۔