غزہ کے زخمیوں کی حالت دیکھ کر ہی اسرائیلی جنگی جرائم آشکار ہو رہے: عادل العسومی
سپیکر عرب پارلیمنٹ نے شمالی مصر کے علاقے سینا کے العریش ہسپتال میں فلسطینیوں کی عیادت کی
عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل العسومی نے کہا ہے کہ غزہ کے زخمیوں کی تعداد اور نوعیت کو دیکھ کر بھی اسرائیل کے جنگی جرائم آشکار ہو رہے ہیں۔ عادل العسومی نے مصری علاقے سینا کے ہسپتال العریش کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج فلسطینیوں کی عیادت کی۔
جمعہ کو ایک اعلیٰ سطح کا پارلیمانی وفد رفح کراسنگ اور العریش جنرل ہسپتال پہنچا۔ عادل العسومی نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں فلسطینی شہریوں کو پہنچنے والے زخموں کی جسامت اور قسم کو دیکھ کر صہیونی فوج کی طرف سے کئے گئے گھناؤنے جرائم کی عکاسی ہو رہی ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف جو بھیانک جرائم کر رہا ہے وہ وہ اس سے مختلف ہے جو میڈیا میں رپورٹ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصری صدر السیسی کی قیادت میں مصر کا موقف اور کوششیں مسئلہ فلسطین کے لیے ایک حفاظتی ڈھال کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ عرب پارلیمنٹ کے سپیکر نے مصر کے شہر رفح کا دورہ کیا اور غزہ کی پٹی تک امداد پہنچانے اور زخمی فلسطینیوں کو وصول کرکے ہسپتالوں میں ان کا علاج کرنے کے لیے مصر کی کوششوں کا جائزہ لیا۔
عادل العسومی نے انسانی ہمدردی کے قافلوں کو لیس کرنے اور تیار کرنے میں مصری ہلال احمر کے اہم کردار کو بھی سراہا۔