سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جاری لڑائی کے تناظر میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کے صدر جگن چاپگین نے کہا ہے کہ تنظیم کی اپیلوں کا جواب دینے میں ناکامی کے بعد یہ ہوسکتا ہے کہ یہ تنظیمیں سوڈان میں اپنی بہت سی خدمات بند کر دیں۔
چاپگین نے "ایکس" پلیٹ فارم پر لکھا کہ سوڈان میں انسانی ضروریات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے کیونکہ تنازع جاری ہے۔ ہماری اپیل کا ردعمل بہت ناقص تھا اور ہمیں آنے والے مہینوں میں بہت سی خدمات کو روکنا پڑ سکتا ہے۔
سوڈان میں ڈاکٹروں کی سنڈیکیٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ریاست ’’الجزیرہ‘‘ کے شہر ’’ود مدنی‘‘ میں صحت کی تمام سہولیات بند ہوگئی ہے۔ ود مدنی صحت کی خدمات کا ایک بڑا مرکز ہے۔ اس وجہ سے اس کے ہسپتالوں میں سروسز کا معطل ہونا ملک بھر میں صحت کے نظام کے مکمل اور خطرناک خاتمے کا باعث بن جائے گا۔
جمعرات کو اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) نے خبردار کیا تھا کہ سوڈان کی الجزیرہ ریاست میں تشدد میں اضافے کی وجہ سے تقریباً 30 لاکھ بچے شدید خطرے میں ہیں۔ ڈیڑھ لاکھ بچے بے گھر ہو چکے ہیں۔
یاد رہے بدھ کو ورلڈ فوڈ پروگرام نے سوڈان کی الجزیرہ ریاست کے کچھ حصوں میں لڑائی میں توسیع کی وجہ سے خوراک کی امداد کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ 15 اپریل 2023 کو سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان شروع ہونے والی لڑائی سے سوڈان میں ایک انسانی بحران پیدا ہوگیا ہے۔