بحیرہ احمر کو عبور کرنے والے بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے یورپی یونین کے بحری مشن نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فریگیٹ "پسارا" نے اتوار کو خلیج عدن کے علاقے میں دو ڈرونز کو تباہ کر دیا۔
’اسپیڈس‘ نامی مشن کا آغاز فروری میں ایران کے ساتھ اتحادی یمنی حوثی گروپ کی جانب سے خطے میں بحری جہازوں پر ڈرون اور میزائل حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہوا تھا۔ حوثی گروپ کا کہنا ہے کہ وہ یہ حملے غزہ جنگ میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کر رہا ہے۔
خطے میں امریکہ سمیت دیگر ممالک کی بحری افواج فعال ہیں۔
گذشتہ نومبر سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں تجارتی بحری جہازوں پر درجنوں میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی طرف جانے والے یا اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھےگا۔
واشنگٹن اس اسٹریٹجک خطے میں میری ٹائم نیویگیشن کے "تحفظ" کے مقصد کے ساتھ ایک بین الاقوامی سمندری اتحاد کی قیادت کرتا ہے۔ بحیرہ احمر کے اس اہم سمندری تجارتی راستے سے عالمی تجارت کا 12 فی صد گذرتا ہے۔
امریکی اور برطانوی افواج 12 جنوری سے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے کر رہی ہیں۔ امریکی فوج اکیلے ہی میزائلوں اور ڈرونز پر وقتاً فوقتاً حملے کرتی رہتی ہے جو اس کے بقول لانچ کے لیے تیار ہیں۔