تونس میں اپنی نوعیت کے عجیب واقعے میں ایک کتے نے اپنے پالے جانے کے برسوں بعد اپنی مالکن پر حملہ کر کے اسے بھنبھوڑ ڈالا۔ یہ واقعہ الحمامات شہر میں مذکورہ خاتون کے گھر میں پیش آیا۔
پالتو کتے کے حملے کے بعد 60 برس سے زیادہ عمر کی اس خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم شدید زخموں کی وجہ ڈاکٹر اس کی جان نہ بچا سکے۔ خاتون کے چہرے پر شدید نوعیت کے زخم آئے تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق گھر میں موجود کتا خاتون کے بیٹے کا تھا جو بیرون ملک رہتا ہے۔ یہ کتا انتہائی خطرناک قسم کا ہے جس کے ساتھ بڑی احتیاط کرنا ہوتی ہے۔ اس احتیاط میں کتے کو ماسک پہنانا ضروری ہے۔
اس واقعے نے تونس میں لوگوں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے اور خطرناک قسم کے کتوں کو گھروں میں پالے جانے کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کے بیچ بحث چل پڑی ہے۔
ایک صارف کے مطابق حالیہ برسوں میں اس قسم کی صورت حال کے پھیل جانے کے بعد ریاست کو مداخلت کرنا چاہیے اور گھروں میں کتوں کے پالنے کے حوالے سے ایک قانون منظور کرنا چاہیے۔ مزید یہ کہ ان خطرناک قسم کے کتوں پر پابندی لگنا چاہیے جن کو سڑکوں پر اپنے مالکان کے ساتھ گھومتے ہوئے دیکھا جاتا ہے۔
ایک اور صارف نے گھروں میں کتوں کے پالے جانے پر تنقید کی ہے۔ ان کے مطابق کتا کھلی جگہاؤں پر آزاد رہنے کے لیے پیدا ہوا ہے اور اس کا کام پہرہ دینا یا شکار کرنا ہے۔ تاہم آج ہم کتوں کو چھوٹے گھروں اور تنگ جگہوں پر دیکھنے لگے ہیں باوجود اس کے کہ یہ لوگوں کی زندگی کے لیے خطرناک ہے۔