ایک سعودی اقدام جس کی نمائندگی قومی کمیشن برائے تعلیم، ثقافت اور سائنس کرتی ہے پر اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (UNESCO) میں عرب گروپ چار اور پانچ نومبر 2024 کے دوران عرب ہفتہ کا انعقاد کر رہا ہے۔ یہ نصف صدی سے زائد عرصے کے بعد عرب ممالک کے یونیسکو کے ساتھ کام کرنے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیرس میں تنظیم کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہو رہا ہے۔
تمام عرب ممالک کی شرکت کے ساتھ یہ اقدام عرب ثقافتی اور تہذیبی فراوانی اور تنوع کو اجاگر کرے گا۔ ثقافتوں کے درمیان مکالمے کو بڑھائے گا اور ثقافتی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے میں تعاون کرے گا۔ یہ تقریب عرب دنیا کی ثقافتی دولت کا جشن ہے۔ ادب اور فنون کے متعدد مظاہر کے ذریعے، یہ ہفتہ ثقافتوں کے درمیان مکالمے کے لیے ایک وسیع جگہ بھی فراہم کرے گا۔
"یونیسکو میں عرب ہفتہ" کا اقدام سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی کے تناظر میں بھی کیا گیا ہے۔ عرب ممالک اور دنیا کے ممالک کے درمیان تہذیبی رابطے کے اقدامات کی حمایت کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروے کار لایا جارہا ہے۔
یہ اقدام وزیر ثقافت اور قومی کمیٹی برائے تعلیم، ثقافت اور سائنس کے چیئرمین شہزادہ بدر بن فرحان کی بااختیاریت کے ساتھ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے ترقیاتی اقدامات شروع کرنے کے لیے مشترکہ بنیاد تلاش کرنے کے لیے ممالک کے ساتھ ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کی سطح کو بڑھانے کی ہدایت کی۔ سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے تعلیم، ثقافت اور سائنس عرب اور بین الاقوامی تہذیب میں مختلف حیثیتوں سے نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔
"یونیسکو میں عرب ہفتہ" کے عنوان سے سعودی عرب کا یہ اقدام روشنی کا ایک اہم وقتی نقطہ ہے جو عرب ثقافت کی فراوانی، اس کے پس منظر کے تنوع، اس کے ورثے کی نفاست اور پوری دنیا میں عرب ثقافت کی کثرت کو یاد کرنے میں معاون ہے۔
یہ اقدام یونیسکو میں سعودی عرب کی سربراہی میں ہونے والے پہلے عرب اجتماع کی کامیابی کی کہانی کی عکاسی بھی کر رہا ہے۔ جغرافیائی سرحدوں کو عبور کرنے، پرجوش اہداف کے حصول کے لیے اور عرب ثقافت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کے لیے سعودی عرب بھرپور کام کرتا ہے۔
’’ یونیسکو میں عرب ہفتہ‘‘ میں ثقافتی اور فنکارانہ نمائشیں شامل کی گئی ہیں جن میں عرب ثقافتی مصنوعات کی ایک مارکیٹ، عربی خطاطی پر ایک نمائش، یونیسکو کے ساتھ رجسٹرڈ عرب دنیا کے ثقافتی ورثے کے مقامات کی تصاویر ہوں گی۔ اس کے ساتھ ایک عرب میوزک پویلین اور ایک عرب کھانا پکانے کا مرکز بھی شامل کیا گیا۔ عرب دستکاری پر ایک پویلین اور دوسرا عرب فیشن کے بارے میں بھی ایک پویلین موجود ہوگا۔
اس تقریب میں عربی ناول پر ایک سمپوزیم اور مصنوعی ذہانت پر دوسرا سمپوزیم ہے۔ عربی خطاطی پر ایک سمپوزیم الگ ہے۔ بچوں کے ادب پر بھی ایک سمپوزیم ہے۔ توقع ہے کہ ’’یونیسکو میں عرب ہفتہ‘‘ کا اقدام عرب ثقافتی دولت کو متعارف کرانے اور یونیسکو اور اس کے رکن ممالک کے باہمی تعامل کوبڑھانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا ۔