یمن کی صدارتی قیادت کی کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے یمن میں ایرانی اسلحے کی ترسیل کو روکنے کے لیے امریکی کوششوں میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
العلیمی نے ریاض میں یمن کے لیے امریکی سفیر اسٹیفن فیگن کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ یہ کھیپ یمن اور پورے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
اجلاس میں حوثیوں کے حملوں سے متاثر ہونے والے حالات زندگی کے علاوہ تیل کی برآمدات کی مسلسل بندش اور بحری جہاز رانی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو محدود کرنے کے لیے اقتصادی شعبے میں ہونے والی پیش رفت اور بین الاقوامی حمایت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
العلیمی نے علاقائی مسائل پر جمہوریہ یمن کے موقف کا اعادہ کیا۔ خاص طور پر فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے بین الاقوامی قانونی قراردادوں کے مطابق آزاد، مکمل خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حل کےلیے عرب امن اقدام کو ایک مثالی روڈمیپ قرار دیا۔