ارجنٹائن کے صدر جیویر میلے جمعے کے روز ریاست فلوریڈا کے ساحل پر واقع "میر ا لاگو" ریزورٹ میں منعقد ایک تقریب میں منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مشہورY-M-C-A رقص کرتے نظر آئے۔ میلے وہ پہلے غیر ملکی سربراہ ہیں جن سے ٹرمپ نے حالیہ صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ملاقات کی ہے۔
مذکورہ تقریب کے آغاز کے کچھ دیر بعد صدر میلے نے خطاب بھی کیا۔ انھوں نے انگریزی زبان میں مختصر گفتگو کی پھر اس کے بعد ہسپانوی زبان میں نسبتا طویل خطاب کیا۔ خطاب میں انھوں نے بائیں بازو کے نظریات کو تنقید کا نشانہ بنایا اور امریکی ارب پتی ایلون مسک کو سراہا۔
ارجنٹائن کے صدر نے حکمراں سیاسی طبقے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس نظام کا ذمے دار ہے جو ٹیکس کے غیر منصفانہ ضوابط کو "طاقت سے دولت کی دوبارہ تقسیم" مسلط کرنے میں استعمال ہوتا ہے۔
میلے نے انتخابات میں "شان دار فتح" پر ٹرمپ کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ "آج آزادی کی ہوا زیادہ طاقت کے ساتھ چل رہی ہے"۔
منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انھوں نے ارجنٹائن کے قابل قدر اقدامات پر صدر میلے کو مبارک باد پیش کی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ایک "اعزاز" ہے کہ ارجنٹائن کے صدر ان کے کلب میں موجود ہیں۔