یونان کی اسرائیلی آرٹلری سسٹم سے جڑے 36 پلس راکٹ کی خریداری کے لیے اسرائیل کے ساتھ بات چیت آخری مرحلے میں ہے۔ یونانی حکام کے مطابق یہ خریداری یونانی مسلح افواج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کے منصوبے کے تحت ہے۔
اس دو طرفہ بات چیت کے نتیجے میں 630 ملیں یورو کا سودا طے ہوگا ۔ جبکہ دو ارب یورو کی مالیت کے طیارہ شکن میزائلوں پر مبنی دفاعی نظام بھی خریدا جائے گا۔
یونانی حکام کے مطابق ہتھیاروں کے اس بڑے سودے کے سلسلے میں اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں یونانی پارلیمنٹ کی کمیٹی بحث کرے گی اور امکانی طور پر منظوری دے گی۔
واضح رہے یونان نے اپنی فوج کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کرنے کے لیے اگلے دس سال پرمحیط ایک منصوبہ بنایا ہے۔ جس پر کئی ارب یورو خرچ ہوں گے۔ ان جدید ہتھیاروں میں امریکہ سے جدید ترین ایف 35 طیاروں اور 4 فرانسیسی ساختہ فریگیٹس کی خریداری بھی شامل ہے۔
اسرائیلی ساختہ پلس سسٹم دفاعی نظام اس کی کمپنی ایلبٹ کا تیار کردہ ہے۔ اس کی رینج 300 کلو میٹر تک ہے۔ اس سلسلے میں اسرائیل کے ساتھ معاہدے میں یہ شامل ہوگا کہ اس سسٹم کے لیے فاضل پرزے یونان میں ہی بنانے کی سہولت ہوگی۔
خیال رہے یونان کے اپنے پڑوسی اور نیٹو کے رکن ترکیہ کے ساتھ تعلقات میں ایک عرصے سے مسائل موجود ہیں۔ اسرائیلی ساختہ توپ خانے سے یونان کے شمال مشرقی بارڈر کو محفوظ بنایا جائے گا۔ جو ترکیہ کی طرف سے خطرات سے نمٹ سکے گا۔ دو پڑوسی ملکوں کے درمیان ایجین پر پروازوں، توانائی کے ذخائر اور نسلی تضادات کے شکار قبرصی جزیرے کے معاملے پر اختلافات ہیں۔
جمعہ کے روز یونانی وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کی مشترکہ باڈی نے اس زیر بحث اسلحہ ڈیل کی منظوری دے دی ہے۔ اب حتمی منظوری پارلیمانی کمیٹی 2025 کی پہلی سہ ماہی میں دے گی۔