سعودی عرب: کابینہ نے زمینی ٹرانسپورٹ نظام کو جدید تر اور پائیدار بنانے کے لیے منظوری دے دی
سعودی کابینہ نے مملکت میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید تر بنانے کے لیے سڑکوں کے مربوط جال بچھانے کے لیے ایک جامع منصوبے کی منظوری دی ہے۔ جس میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹرانسپورٹ کے سعودی نظام کو پہلے سے بھی زیادہ فعال ، مستعد اور تیز رفتار بنایا جائے گا۔
اس سلسلے میں سعودی کابینہ کے اجلاس کی صدارت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کی اور ٹرانسپورٹ سسٹم کو فعال بنانے کے لیے اقدامات کیے۔
سعودی خبر رساں ادارے 'ایس پی اے' کے مطابق مملکت کا نیا لینڈ ٹرانسپورٹ سسٹم اور انفراسٹرکچر دنیا کے جدید رجحانات کے مطابق ہوگا۔ تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مکمل جدت کے ساتھ پیش کی جا سکے۔
خیال رہے سعودی عرب 73 ہزار کلومیٹر لمبی سڑکوں کے ساتھ دنیا میں رابطوں کے حوالے سے نمایاں ملکوں میں شامل ہے۔
صالح بن ناصر الجاسر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کے وزیر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم جدت کے تمام تقاضوں اور ضرورتوں کے مطابق نئے نظام کو وضع کر رہے ہیں۔ تاکہ یہ پائیداری میں بھی کئی اگلی دہائیوں تک مفید رہے۔
صالح بن ناصر نے کہا 'اس نظام کے ذریعے نظام زندگی میں بہتری آئے گی۔ نیز معاشی اعتبار سے بھی سرگرمیوں کو بہتر کیا جا سکے گا۔ علاوہ ازیں حفاظتی اصولوں اور چیزوں کی فوری دستیابی کے ساتھ ساتھ بہتر سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ '
انہوں نے مزید کہا 'انویسٹمنٹ کے زیادہ سے زیادہ مواقع اس نظام کے تحت میسر ہوں گے۔ یہ سعودی ویژن 2030 کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جو مستحکم مستقبل کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔'