سوڈان کے دار الحکومت خرطوم میں سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورس کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
تازہ پیش رفت میں سوڈانی فوج الجزیرہ ریاست کے جنوبی مغربی علاقوں میں وسیع پیمانے پر تطہیر کا آپریشن انجام دے رہی ہے۔ یہ ریاست خرطوم کے مقابل واقع ہے۔
العربیہ کے نمائندے کے مطابق آپریشن میں خرطوم کے جنوب میں واقع تقریبا دس علاقوں کو شامل کیا گیا ہے جہاں ابھی تک ریپڈ سپورٹ فورسز نقل و حرکت کر رہی ہے۔
العربیہ کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق خرطوم میں جاری معرکہ آرائی میں اہم تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔ سوڈانی فوج خرطوم میں بڑے پیمانے پر داخل ہونے کے لیے تیار ہے۔ اس کارروائی کا مقصد آنے والے دنوں میں دار الحکومت کو ریپڈ سپورٹ فورس سے خالی کرنا ہے۔
دار الحکومت کے وسط میں اور ریپبلکن پیلس کے اطراف گھمسان کی لڑائی دیکھی جا رہی ہے۔
سوڈانی ٹیلی وژن نے آج جمعرات کے روز بتایا کہ سوڈانی فوج خرطوم میں صدارتی محل پر کنٹرول حاصل کرنے کے قریب ہو رہی ہے۔ رپیڈ سپورٹ فورس کے ساتھ دو برس سے جاری جنگ کے سبب ملک کی تقسیم کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
سوڈانی فوج کے ذرائع نے العربیہ کو بتایا کہ فوج نے خرطوم میں ریپبلکن پیلس کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔ سوڈانی فوج شہر کے وسط میں صدارتی محل میں موجود ریپڈ سپورٹ فورس کے گرد گھیرا تنگ کر رہی ہے۔ فوج نے صدارتی محل آنے والے مرکزی راستے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
فوجی ذرائع نے کل بدھ کے روز بتایا تھا کہ ام درمان شہر کی جنوب مغربی سمت ایک بار پھر لڑائی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سوڈانی فوج نے اس سمت فوجی کمک پہنچائی ہے تا کہ خرطوم میں داخل ہونے کے مغربی راستوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
اس سے قبل سوڈانی فوج میں بکتربند ہتھیاروں کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر نصر الدین عبد الفتاح نے اعلان کیا تھا کہ مسلح افواج نے ریپڈ سپورٹ فورس کے خاتمے کے لیے آخری مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔
قبل ازیں سوڈانی فوج نے تصدیق کی تھی کہ اس کی فورسز خرطوم میں ریپبلکن پیلس سے ایک کلو میٹر سے بھی کم فاصلے تک پہنچ چکی ہے۔ ریپڈ سپورٹ فورس نے جنگ کے آغاز کے دنوں میں اس محل پر قبضہ کر لیا تھا۔
اپریل 2023 میں چھڑنے والی اس جنگ کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور 1.2 کروڑ سے زیادہ افراد ہجرت پر مجبور ہو چکے ہیں۔ اسی طرح جنگ کے نتیجے میں بھوک اور نقل مکانی کے دنیا کے سب سے بڑے بحران نے جنم لیا۔
اس وقت ملک کا شمالی اور مشرقی حصہ سوڈانی فوج کے کنٹرول میں ہے۔ کچھ عرصہ قبل اس نے خرطوم اور وسطی سوڈان کا بڑا رقبہ واپس لے لیا۔ دوسری جانب دارفور (مغرب) کے زیادہ تر حصوں اور جنوب کے کچھ حصوں پر ریپڈ سپورٹ فورس کا قبضہ ہے۔
-
سرحدی جھڑپوں کا آغاز کیسے ہوا ؟ لبنان اور شام کے متضاد بیانات
لبنان اور شام کے درمیان سرحد پر بالخصوص الہرمل (لبنان) کے علاقے میں ایک بار پھر ...
بين الاقوامى -
جنوبی لیطانی میں حزب اللہ کا کوئی عسکری وجود باقی نہیں رہا : ذرائع
لبنان میں 27 نومبر کو فائر بندی نافذ ہونے کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے فضائی ، ...
مشرق وسطی -
ایٹمی معاہدے سے متعلق ٹرمپ کے پیغام میں دھمکیوں اور مواقع کا جائزہ لیں گے: ایران
ٹرمپ کے ایرانی رہنما علی خامنہ ای کے پیغام میں نئے معاہدے تک پہنچنے کے لیے دو ماہ ...
مشرق وسطی