پیوتن نے ٹرمپ کو ان کا پورٹریٹ تحفہ میں دیا ، کریملن کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

کریملن نے پیر کے روز اس امر کی تصدیق کی ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوتن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کا ایک پورٹریٹ تحفہ میں دیا ہے۔

پیوتن کی طرف سے یہ تحفہ ٹرمپ کے خصوصی نمائندہ سٹیو وٹکوف کو ماسکو میں اس مہینے کے شروع میں دیا گیا جب وہ دورے پر روس آئے تھے۔

روسی صدر کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کے ایک سوال پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

یاد رہے پیوتن کی طرف سے ٹرمپ کو بھیجے گئے اس تحفے کے بارے میں سب سے پہلے وٹکوف نے 'فاکس نیوز' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا تھا۔ یہ انٹرویو پروگرام کے میزبان ٹکرکارلسن نے کیا تھا۔

وٹکوف نے کارلسن سے کہا 'ٹرمپ اس تحفے سے بہت زیادہ خوش ہوئے کہ جس میں انہیں ان کا خوبصورت پورٹریٹ پیش کیا گیا تھا۔ انہوں نے اسے دیکھتے ہی کہا 'خوبصورت۔'

امریکی خصوصی نمائندے سے پیوتن کی ملاقات اسی ماہ ماسکو میں ہوئی جب وہ یوکرین کے ساتھ جنگ کے معاملے پر بات چیت کے لیے روس آئے۔

یوکرین کے ساتھ روسی جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت اب سعودی عرب میں جاری ہے۔ جہاں امریکی اور روسی حکام کی باہمی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ اس سے پہلے یوکرین و امریکی نمائندوں کی بھی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

اب کارلسن کو دیے گئے انٹرویو میں سٹیو وٹکوف نے کہا 'پیوتن کا یہ تحفہ انتہائی پروقار ہے اور اس نے یاد دلایا ہے کہ پچھلے سال وہ کس طرح ٹرمپ کے لیے دعاگو تھے۔ جب انہوں نے سنا کہ وہ امریکہ میں صدارتی امیدوار کے طور پر سامنے آرہے ہیں تو پیوتن نے کہا 'وہ اپنے دوست کے لیے دعاگو ہیں۔'

یاد رہے 2018 میں صدر پیوتن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فٹبال کا تحفہ دیا تھا۔ جسے امریکی انٹیلی جنس اداروں نے اچھی طرح دیکھا کہ اس میں کہیں کوئی ایسا آلہ تو نہیں رکھا گیا جس کا مقصد ٹرمپ کی گفتگو سننا ہو۔ بعدازاں صدر ٹرمپ نے یہ فٹبال اپنے بیٹے کو دے دیا تھا۔

1945 میں سوویت یونین کے ایک سکول کے بچوں کی طرف سے امریکی سفیر ایوریل ہیریمین کو ایک مہر دی گئی۔ یہ مہر 6 سال تک سفیر کے دفتر میں موجود رہی۔ بعدازاں امریکی دفتر خارجہ کو معلوم ہوا کہ اس کے ذریعے سوویت یونین دفتر میں ہونے والی گفتگو کو سنتا ہے۔

صدر پیوتن کی طرف سے صدر ٹرمپ کو دیے گئے پورٹریٹ کے بارے میں وائٹ ہاؤس نے اس بارے میں تبصرہ نہیں کیا ہے کہ اس پورٹریٹ کی جانچ کی گئی ہے یا نہیں۔

خیال رہے سال 2021 میں صدر پیوتن نے صدر جوبائیڈن کو 12000 ڈالر کی مالیت کا تحفہ دیا تھا۔ جبکہ 2013 میں صدر اوباما کو چینی مٹی کی پلیٹیں اور ایسپریسو کے کپ تحفے میں دیے تھے۔

واضح رہے امریکی سربراہ کو تصویر کا بطور تحفہ دیا جانا بھی پہلی مرتبہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے روسی صدر نے 2014 میں جارج ڈیبلیو بش کوسالگرہ کے موقع پرتصویر کا تحفہ دیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں