نیتن یاہو کی آمد کے بعد ... ہنگری کا عالمی فوجداری عدالت سے نکل جانے کا فیصلہ
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو آج جمعرات کو علی الصبح بوڈاپسٹ کے سرکاری دورے پر پہنچے۔ اس کے کچھ دیر بعد ہی ہنگری نے اعلان کر دیا کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی رکنیت سے دست بردار ہو رہا ہے۔
اس سلسلے میں سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ہنگری کی وزیر اعظم وکٹر اوربان کے دفتر کے سربراہ گیرگیلی گولیاس کے حوالے سے بتایا کہ ان کے ملک نے عالمی فوجداری عدالت کی رکنیت سے نکل جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ادھر عالمی فوجداری عدالت نے ہنگری کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری کے حوالے سے "تعاون کا پابند" ہے۔
ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے گذشتہ سال نومبر میں اسرائیلی وزیر اعظم کو سرکاری دورے کی دعوت دی تھی۔ یہ دعوت عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے نتین یاہو کے خلاف غزہ میں جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے ایک روز بعد دی گئی تھی۔
یورپی یونین کے رکن ملک ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان اس عزم کا اعلان کر چکے ہیں کہ اگرچہ ہنگری عالمی فوجداری عدالت کے قیام کے معاہدے پر دستخط کرنے والے ممالک میں شامل ہے، تاہم وہ وارنٹ گرفتاری پر عمل نہیں کرے گا۔ اوربان کے مطابق عدالت کا یہ فیصلہ "ایک مسلسل تنازع میں مداخلت ہے جس کا مقصد سیاسی غرض ہے"۔
اس سے قبل آج بوڈاپسٹ کے ہوائی اڈے پر اسرائیلی وزیر اعظم کا استقبال کرنے والے ہنگری کے وزیر دفاع کرسٹوف زیلے نے فیس بک پر پوسٹ میں لکھا "بنیامین نیتن یاہو آپ کا بوڈاپسٹ میں خیر مقدم کیا جاتا ہے"۔ نیتن یاہو اپنے اتحادی وکٹر اوربان کی دعوت پر ہنگری کا دورہ کر رہے ہیں جو چار روز تک جاری رہے گا۔
نیتن یاہو اپنے ہنگری کے ہم منصب اوربان کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12:30 پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
قانونی طور پر پابند
ماہرین کے نزدیک اسرائیلی وزیر اعظم جو اتوار تک ہنگری میں ٹھہریں گے، عالمی فوجداری عدالت کے فیصلے کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نیتن یاہو کے سابق مشیر برائے بین الاقوامی حکمت عملی موشے کلوگیفٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا حتمی مقصد سفر کی قدرت کا دوبارہ حصول ہے کہ وہ جہاں بھی چاہیں سفر کر سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ابتدا میں نیتن یاہو ان جگہوں پر سفر کر رہے ہیں جہاں انھیں گرفتاری کا خوف نہیں ہے، اس طرح وہ اپنے مستبقل کے دوروں کے لیے راہ ہموار کر رہے ہیں۔
رواں سال فروری میں جرمنی کے آئندہ چانسلر فریڈرچ میرتس کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کے خواہاں ہوں گے کہ اسرائیلی وزیر اعظم جرمنی کا دورہ کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔
عالمی فوجداری عدالت جس کا صدر دفتر ہیگ میں ہے، یہ باور کرا چکی ہے کہ ہنگری عدالت کے فیصلوں کو نافذ کرنے اور دیگر ممالک کے حوالے سے اپنی ذمے داریاں پوری کرنے کا "قانونی طور پر پابند" ہے۔
عدالت کے ترجمان فادی العبد اللہ کا کہنا ہے کہ "اگر ممالک کو عدالت کے ساتھ تعاون کے حوالے سے اندیشے ہوں تو وہ مناسب وقت اور مؤثر طور سے عدالت کے ساتھ مشاورت کر سکتے ہیں ... تاہم ممالک کو یہ حق نہیں کہ وہ یک طرفہ طور پر عدالت کے قانونی فیصلوں کی سلامتی کا تعین کریں"۔
ہنگری نے 1999 میں روما بنیادی نظام پر دستخط کیے تھے۔ یہ وہ بین الاقوامی معاہدہ ہے جس کی بنیاد پر عالمی فوجداری عدالت کا قیام عمل میں آیا تھا۔ ہنگری نے دو برس بعد اس کی منظوری دے دی جب وکٹر اوربان کی پہلی وزارت عظمی کا دور تھا۔
تاہم، بوڈاپسٹ نے آئینی وجوہات کی بناء پر معاہدے سے جڑے وعدوں کو نافذ کرنے کے لیے کوئی حکم جاری نہیں کیا، اس لیے وہ یہ باور کراتا ہے کہ ہنگری عدالت کے فیصلوں پر عمل کرنے کا پابند نہیں ہے۔
بین الاقوامی فوجداری عدالت، جو 2002 میں قائم ہوئی تھی، اس کی اپنی پولیس فورس ہے اور وہ اپنے 125 ارکان کے تعاون پر انحصار کرتی ہے تاکہ کسی بھی گرفتاری کے وارنٹ کو نافذ کر سکے۔
ہنگری نے کئی بار بین الاقوامی فوجداری عدالت سے نکلنے کا خیال پیش کیا، جس طرح بورونڈی اور فلپائن نے کیا، بلکہ اس نے اس فیصلے کو اختیار بھی کر لیا تھا، جیسا کہ یورپیئن فری ریڈیو نے آج بدھ کو سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا۔
وارنٹ گرفتاری
عالمی فوجداری عدالت نے 21 نومبر 2024 کو اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔ نیتن یاہو پر الزام ہے کہ انھوں نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا۔
-
اسرائیل کا غزہ سے سیکڑوں لوگوں کو جرمنی منتقل کرنے کا اعلان ، برلن کی تردید
برلن نے اسرائیلی وزارت داخلہ کے اس اعلان کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ غزہ ...
بين الاقوامى -
اسرائیل : قیدیوں کی رہائی کے لیے غزہ پر قبضے کی کوششیں جاری: نیتن یاہو
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کے علاقے کو ...
مشرق وسطی -
نیتن یاہو ہنگری پہنچ گئے ... بین الاقوامی عدالت کے وارنٹ گرفتاری کی دھجیاں اڑا دیں
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا طیارہ آج جمعرات کو علی الصبح بوڈاپسٹ کے ...
بين الاقوامى