طیارہ اغوا کرنے کی کوشش کرنے والا امریکی شہری مسافر کی فائرنگ سے ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

براعظم شمالی امریکا کی ریاست بیلیز میں اندرون ملک ایک پرواز کے دوران میں ایک مسلح امریکی شہری نے مسافر طیارہ اغوا کرنے کی کوشش کی۔ تاہم اس کی یہ کوشش ایک اور مسافر کی فائرنگ کے نتیجے میں مذکورہ شخص کی موت پر ختم ہوئی۔

یہ چھوٹا طیارہ مقامی فضائی کمپنی Tropic Air کی ملکیت تھا، اس میں کل 14 مسافر سوار تھے، جن میں دو امریکی بھی شامل تھے۔ ان میں سے ایک حملہ آور تھا، جس کا نام اکینیلا ساوا ٹیلر تھا اور اس کی عمر 49 برس بتائی گئی ہے۔ دوران پرواز ٹیلر اچانک اپنی نشست سے اٹھا اور چاقو کے ذریعے عملے کے افراد پر حملہ کر دیا۔ اس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے جن میں پائلٹ، عملے کا ایک رکن اور ایک مسافر شامل ہے۔ تینوں افراد کے زخم مہلک نہیں تھے۔ اس دوران زخمی ہونے والے مسافر نے، جس کے پاس قانونی لائسنس یافتہ پستول تھا، حملہ آور پر گولی چلا دی۔

پولیس کمشنر چیسٹر ولیمز نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ طیارہ Cessna Caravan V3HIG (امریکی ساختہ) تھا، جو شمالی بیلیز کے شہر کوروزال اور ساحلی قصبے سان پیڈرو کے درمیان کم بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔ اسی دوران ٹیلر نے اپنی کارروائی کا آغاز کیا۔ جب پائلٹ نے اسے روکنے کی کوشش کی، تو اُس پر بھی چاقو سے حملہ کیا گیا۔ ٹیلر نے طیارے میں مزید ایندھن ڈالنے کا مطالبہ بھی کیا، مگر مسافر کی بروقت فائرنگ سے اس کی کوشش ناکام ہو گئی۔

پائلٹ نے زخمی ہونے کے باوجود طیارے کو بیلیز سٹی کے قریب واقع ایک ہوائی اڈے پر بحفاظت اتار لیا۔ حملہ آور کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کمشنر کے مطابق یہ ابھی واضح نہیں کہ ٹیلر چاقو کے ساتھ طیارے میں سوار ہونے میں کیسے کامیاب ہوا اور سیکیورٹی عملہ ، اسلحے کی موجودگی کا کیوں نہیں پتا چلا سکا۔ بیلیز کی حکام کے مطابق ٹیلر کو گذشتہ ہفتے کے آخر میں بیلیز میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔ مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹیلر امریکا میں ایک اسکول ٹیچر کے طور پر کام کرتا تھا۔

ادھر امریکی سفارت خانے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ اس واقعے کی تحقیقات میں تعاون کر رہا ہے، اور ٹیلر کی بیلیز آمد کا پس منظر جاننے کی کوشش کر رہا ہے۔ سفارت خانے کے مطابق فی الوقت حملے کے محرکات یا ٹیلر کے مجرمانہ ریکارڈ سے متعلق کوئی تفصیلات موجود نہیں ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں