برسوں سے لوگ یہ جاننے کے متمنی تھے کہ روسی صدر ولادی میر پوتین کی کرملن میں نجی رہائش گاہ کیسی ہے ... وہ مقام جو صرف قریبی حلقے کے افراد کے لیے مخصوص ہے۔ تاہم اب پہلی مرتبہ اس پراسرار دروازے کے پیچھے کی دنیا سے پردہ اٹھا دیا گیا ہے۔ جی ہاں، صدر پوتین نے اپنے پُر تعیش اپارٹمنٹ کی جھلک عوام کو دکھا دی ہے۔
ایک غیر معمولی وڈیو میں، پوتین کو ایک مقامی صحافی زاروبین کے ساتھ اپنے گھر کے باہر بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ ان کے دفتر کے قریب واقع ہے۔ اس کے بعد وہ سنہری دروازہ کھولتے ہیں اور کہتے ہیں ""جی ہاں، یہ ہے وہ اپارٹمنٹ ... جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، یہ زیادہ دور نہیں"۔
پھر وہ صحافی کو اندر مدعو کرتے ہیں۔
وڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ پوتین ایک عالی شان ہال میں داخل ہوتے ہیں، جس کی دیواریں سونے سے مزین ہیں، بڑے بڑے سنہرے فریموں میں آئینے لگے ہیں، سنہری فانوس لٹک رہے ہیں، اور مختلف اقسام کےپودے رکھے گئے ہیں۔
ایک بڑی میز پر روسی شہنشاہ الیگزینڈر سوئم کی تصویر نمایاں طور پر رکھی گئی ہے، اور کمرے میں کئی ہلکے رنگ کے صوفے رکھے ہیں۔ ایک طرف ایک سفید پیانو بھی موجود ہے، جس کے بارے میں پوتین نے بتایا کہ وہ بہت کم ہی اس پر کچھ بجاتے ہیں۔
مزید وڈیوز جو 4 مئی کو روس میں مکمل انٹرویو کے طور پر نشر ہوں گی ... ان میں دکھایا گیا ہے کہ پوتین نے صحافی کو گہرے لکڑی کے پینل والی لائبریری، دو بیڈرومز اور ایک چھوٹا "گھریلو چرچ" بھی دکھایا۔
پوتین نے مارچ 2023 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اسی اپارٹمنٹ میں غیر رسمی مذاکرات کیے تھے۔ پوتین کا کہنا تھا کہ "ہم نے ایک ورکنگ لنچ کیا، پھر میں نے انھیں بطور دوست دوسرے کمرے میں مدعو کیا۔ میرے پاس یہاں (کرملن) ایک اپارٹمنٹ ہے جہاں میں ان دنوں کافی وقت گزارتا ہوں۔ میں یہیں کام کرتا ہوں اور اکثر یہیں رات گزارتا ہوں۔ ہم آگ کے پاس بیٹھے، چائے پی اور آہستہ آہستہ ہر بات پر گفتگو کی"۔
یہ وڈیو گذشتہ سال کے اُس انکشاف کے بعد سامنے آئی ہے جس میں یہ بات معلوم ہوئی تھی کہ پوتین نے سمندر کے کنارے واقع اپنے ارب پاؤنڈ مالیت کے محل میں تبدیلیاں کی ہیں ... بیڈروم ڈانس ہال کو ختم کر دیا ہے اور ذاتی استعمال کے لیے ایک چرچ اور تخت بنوایا ہے