امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات کا دوبارہ آغاز اتوار کو مسقط میں ہو گا : ایرانی میڈیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

ایرانی ویب سائٹ "نورنیوز" نے با خبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے چوتھے دور کا انعقاد اتوار، 11 مئی کو عمان کے دار الحکومت مسقط میں ہو گا۔

اس سے قبل امریکی ویب سائٹ Axiosنے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی، اسٹیو وٹکوف کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ... امریکہ اس ہفتے ایران کے ساتھ اس کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے چوتھے دور کے انعقاد کی کوشش کر رہا ہے۔

صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی نے مذکورہ ویب سائٹ کے نمائندے کو بتایا کہ مذاکرات میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، اور صدر ٹرمپ اس مسئلے کو اگر ممکن ہو تو سفارتی طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے اس سمت میں بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ایران کی طرف سے سرکاری ردِ عمل میں حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ "ہمیں مذاکرات پر کوئی اعتراض نہیں ہے… ہم عمان کے وزیر خارجہ کے اعلان کے منتظر ہیں"۔

انھوں نے مزید کہا "ہم نے تمام ضروری اقدامات کر لیے ہیں اور ہم پوری طرح تیار ہیں۔ میں پہلے بھی متعدد بار واضح کر چکی ہوں کہ جب سے مسٹر ٹرمپ آئے ہیں، ہم ہر ممکنہ صورت حال کے لیے تیار ہیں"۔

مہاجرانی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا "جہاں تک مذاکرات کا تعلق ہے، ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں۔ چوں کہ یہ مذاکرات براہِ راست نہیں ہیں، اس لیے ہم انتظار کر رہے ہیں کہ عمان کے وزیر خارجہ ہمیں اس بارے میں اطلاع دیں کہ دوسرا فریق اس معاملے کو آگے بڑھانے میں کس حد تک سنجیدہ ہے، کیوں کہ یہ تاخیر ہمارے شکوک و شبہات کو بڑھا رہی ہے، اس لیے ہم ان کے موقف کے اعلان کے منتظر ہیں"۔

مہاجرانی نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق مذاکراتی ادوار کے درمیان وقفے کی وجہ تکنیکی اور انتظامی نوعیت کی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں