ٹرمپ کے ساتھ میرے والد کا صدارتی مناظرہ تباہ کن تھا : ہنٹر بائیڈن کا اعتراف
ہنٹر بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں کوکین کے بیگ سے اپنے تعلق کی تردید کی
امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے اعتراف کیا ہے کہ ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ صدارتی مناظرے میں ان کے والد کی کارکردگی "تباہ کن" تھی۔ ہنٹر کے مطابق مناظرے کے بعد بائیڈن کو انتخابی دوڑ سے دست برداری یا اپنی ہی جماعت یعنی ڈیموکریٹس کی شدید مخالفت کا سامنا کرنے کے درمیان کسی ایک کا چُناؤ کرنا پڑا۔
ہنٹر بائیڈن نے 2023 میں وائٹ ہاؤس میں کوکین سے بھرے ایک بیگ کے واقعے سے اپنے تعلق کی سختی سے تردید کی۔ یہ بیان یوٹیوب پر "چینل 5" نامی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سامنے آیا ... جب وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے اس معاملے کی دوبارہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ہنٹر کا کہنا تھا کہ "میں جون 2019 سے نشے سے دور ہوں، نہ شراب پی، نہ منشیات استعمال کی، اور مجھے اس پر فخر ہے۔" انھوں نے مزید کہا "میں وائٹ ہاؤس کوکین کیوں لے جاؤں گا اور اسے مغربی ونگ میں آپریشن روم کے باہر ایک چھوٹی سی الماری میں کیوں رکھوں گا؟"
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایف بی آئی کے نائب ڈائریکٹر، ڈین بونجینو نے مئی میں اعلان کیا کہ ادارہ کچھ عوامی توجہ کی حامل فائلیں دوبارہ کھولے گا، جن میں وائٹ ہاؤس میں کوکین کا بیگ بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ جولائی 2023 میں جب یہ بیگ ملا تو امریکی خفیہ سروس نے بتایا تھا کہ تفتیش کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکی، کیونکہ اس میں نہ واضح فنگر پرنٹس تھے اور نہ ڈی این اے۔
امریکی صدر ٹرمپ، جنھوں نے ماضی میں متعدد مواقع پر بائیڈن خاندان پر کرپشن کے الزامات لگائے، نے ایک انٹرویو میں قیاس ظاہر کیا تھا کہ کوکین کا ماخذ "یا تو جو بائیڈن یا ہنٹر" ہو سکتے ہیں، اگرچہ انھوں نے اس کے لیے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ہنٹر بائیڈن کو 2024 میں ایک پستول کی خریداری سے متعلق فوجداری الزامات میں مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔ اُنھوں نے اپنی خودنوشت "خوبصورت چیزیں" میں کوکین کی لت کا اعتراف بھی کیا ہے۔تاہم، سابق صدر نے اپنے عہدہ چھوڑنے سے قبل ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے ہنٹر بائیڈن کو اُن تمام جرائم سے معاف کر دیا تھا جو اُنھوں نے ممکنہ طور پر یکم جنوری 2014 سے یکم دسمبر 2024 کے درمیان کیے ہوں۔ یہ بات انگریزی ویب سائٹ "پولیٹیکو" پر موجود ہے۔