ایک متجسس ریچھ نے ہفتے کے آخر میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک آئس کریم کی دکان پر دھاوا بول دیا جسے بعد میں پولیس اہلکاروں نے بغیر کسی نقصان کے ہٹا دیا۔ اتوار کی صبح جب ڈپٹی شیرف سیاحتی شہر ساؤتھ لیک ٹاہو میں واقعے کی تحقیقات کے لیے پہنچے تو یہ بڑا جانور بہت مطمئن لگ رہا تھا۔ پولیس اہلکاروں نے ریچھ کو دکان سے نکال باہر کیا لیکن اس غیر معمولی واقعے کو ہمیشہ کے لیے یاد رکھنے کے لیے کچھ تصاویر کھینچ لی گئیں۔
ایلڈوراڈو کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ تھوڑی حوصلہ افزائی کے ساتھ، ریچھ نے آخر کار دکان چھوڑ دی۔ اس دوران اس نے صرف سٹرابیری آئس کریم میں دلچسپی ظاہر کی۔ خوش قسمتی سے ریچھ نے جائیداد کو کوئی خاص نقصان نہیں پہنچایا اور نہ دکان میں ایسا بکھراؤ کیا کہ اس کو نکالنے کے بعد صفائی کی ضرورت پڑتی۔
ریچھ کیلیفورنیا میں عام جانور ہیں اور وہ اکثر انسانوں کی آبادیوں میں خوراک کی تلاش کرتے ہیں۔ یہ ریچھ گھروں یا گاڑیوں میں بھی داخل ہوجاتے ہیں۔ لیکن لوگوں پر ریچھ کے حملے شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔ یہ جانور کبھی کبھی نقصان پہنچا سکتے ہیں خاص طور پر جب انہیں فرار ہونے کا کوئی راستہ نہ ملے۔