دعنوانی سے بچنے کا جدید طریقہ: البانیہ میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ وزیر کا تقرر
'ڈیلا' کو عوامی ٹینڈرز کے تمام فیصلوں کا اختیار ہو گا
البانیہ کے وزیر اعظم ایدی راما نے جمعرات کو کہا کہ انہوں نے عوامی ٹینڈرز کی نگرانی کے لیے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ دنیا کا اولین حکومتی وزیر مقرر کیا اور وعدہ کیا ہے کہ یہ اپنی مصنوعی ذہانت کی بدولت "بدعنوانی سے پاک" ہو گا۔
مئی کے انتخابات میں ایک بڑی کامیابی کے بعد اپنی سوشلسٹ پارٹی کے ایک اجلاس میں راما نے اپنی نئی کابینہ کا نئے "رکن" ڈیلا سے تعارف کرایا جس کا البانوی زبان میں مطلب "سورج" ہے۔
"ڈیلا اولین (حکومتی) رکن ہے جو جسمانی اور ظاہری طور پر تو موجود نہیں لیکن عملی طور پر مصنوعی ذہانت سے تخلیق کیا گیا ہے،" راما نے کہا۔
ڈیلا کو عوامی ٹینڈرز سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار سونپا جائے گا جس کی بنا پر یہ فیصلے "100 فیصد بدعنوانی سے پاک ہوں گے اور ٹینڈر کے طریقہ کار میں جمع کردہ ہر پبلک فنڈ بالکل شفاف ہوگا،" انہوں نے مزید کہا۔
روایتی البانی لباس میں ملبوس ایک خاتون سے مشابہت رکھنے والے ڈیلا کا جنوری میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ایک ورچوئل اسسٹنٹ کے طور پر آغاز کیا گیا تھا تاکہ لوگوں کو دستاویزات اور خدمات فراہم کرنے والے سرکاری ای-البانیہ پلیٹ فارم کے استعمال میں مدد ملے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک اس نے 36,600 ڈیجیٹل دستاویزات جاری کرنے میں مدد کی ہے اور پلیٹ فارم کے ذریعے تقریباً 1,000 خدمات فراہم کی ہیں۔
انتخابات میں چوتھی بار کامیابی حاصل کرنے والے راما آئندہ دنوں میں اپنی نئی کابینہ کو قانون سازوں کے سامنے پیش کرنے والے ہیں۔
خاص طور پر عوامی انتظامیہ میں بدعنوانی کے خلاف جنگ البانیہ کی یورپی یونین میں شمولیت کی کوشش کا ایک کلیدی معیار ہے۔
راما 2030 تک 2.8 ملین لوگوں پر مشتمل بلقانی قوم کی یورپی سیاسی بلاک میں قیادت کرنے کے خواہش مند ہیں۔