غزہ پر اسرائیلی زمینی حملہ چند دنوں میں متوقع ہے: سی این این
نیتن یاھو نے فوج کو وقت کم کرنے کی ہدایت دی
امریکی ٹی وی چینل ’سی این این‘ کے مطابق دو اسرائیلی حکام نے اتوار کو بتایا کہ غزہ شہر پر اسرائیلی زمینی حملہ آئندہ چند دنوں میں شروع ہو سکتا ہے۔
ایک ذریعے نے کہا کہ "یہ بہت قریب ہے" جبکہ دوسرے کے مطابق یہ حملہ پیر کو بھی شروع ہو سکتا ہے۔
زمینی یلغار سے قبل اسرائیلی فوج نے غزہ میں بلند و بالا عمارتوں اور اہم عمارتوں کو تیزی سے تباہ کرنا شروع کر دیا ہے جن کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ حماس انہیں استعمال کرتی ہے۔
یاد رہے کہ غزہ شہر پر قبضے اور اس کے مکمل اشغال کی منظوری رواں برس اگست کے اوائل میں دی گئی تھی۔
ابتدائی منصوبے کے مطابق اس کارروائی میں کئی ماہ لگنے تھے، جس کی ابتدا غزہ اور اس کے اطراف سے دس لاکھ سے زائد فلسطینیوں کے جبری انخلا سے ہونا تھی، مگر وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے فوج کو حکم دیا ہے کہ اس منصوبے کے شیڈول کو مختصر کیا جائے۔
اس منصوبے کو نہ صرف عالمی سطح پر مذمت کا سامنا ہے بلکہ اسرائیل کے اندر بھی مخالفت بڑھ رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے انتباہ کیا ہے کہ یہ کارروائی باقی ماندہ قیدیوں کو خطرے میں ڈال دے گی، فوجیوں کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہوگا اور غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہو جائے گا۔