کولمبیا کے عہدیداروں نے پیر کو بتایا کہ ملک نے اپنی اولین جنگی رائفل تیار کر لی ہے جو ایک ارزاں اور ہلکا ہتھیار ہے اور اس کا مقصد اس اسلحہ کی جگہ لینا ہے جو پہلے اس کا سابق فوجی حلیف اسرائیل فراہم کرتا تھا۔
بائیں بازو کے صدر گستاو پیٹرو نے 2024 میں وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو کی غزہ میں جاری فوجی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے اسرائیل سے تعلقات منقطع کر لیے تھے۔
سرکاری ہتھیار ساز انڈومیل نے گالیل کی جگہ لینے کے لئے کولمبیا کی اولین جنگی رائفل تیار کی ہے۔ گالیل 1990 کے عشرے سے اسرائیلی پرزہ جات کا استعمال کرتے ہوئے کولمبیا میں تیار کی جاتی تھی۔
انڈومیل کے منیجر اور ریٹائرڈ کرنل جیویر کارماگو نے اے ایف پی کو بتایا، ہمارا مقصد پانچ سالوں میں چار لاکھ ہلکی اور سستی رائفلیں تیار کرنا اور انہیں "بتدریج مسلح افواج کے موجودہ ہتھیاروں کی جگہ پر لانا ہے۔"
ماہرین نے اس پر شک کا اظہار کیا ہے کہ لاطینی امریکی ملک مہنگی قیمت ادا کیے بغیر پیداواری صلاحیت کیسے حاصل کر سکتا ہے۔
سٹیل اور پولیمر سے تیار کردہ نئے ہتھیار 15 سے 25 فیصد ہلکے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کولمبیا کو منشیات کے خلاف جنگ میں اپنے اتحادیوں کی فہرست سے نکال دیا ہے جس کے بعد پیٹرو نے بھی امریکہ سے اسلحہ کی خریداری روک دی۔
گذشتہ تین عشروں سے کولمبیا کے رہنماؤں نے کوکین اور سونے کے غیر قانونی کاموں میں ملوث گوریلوں اور منشیات کے سمگلروں کے خلاف مسلح کارروائیاں کی ہیں۔