خلیج عدن میں بحری جہاز پر حملہ، آگ بھڑک اٹھی
ہالینڈ کے پرچم بردار جہاز کو نامعلوم میزائل لگا، حوثیوں پر شبہ ہے: برطانوی بحریہ
یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل حملے کے نتیجے میں پیر کے روز خلیج عدن میں ایک بحری جہاز میں آگ لگ گئی۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یمنی میڈیا کے مطابق حملے میں ممکنہ طور پر ایک بیلسٹک میزائل استعمال کیا گیا جو ایران کی حمایت یافتہ حوثیوں کے زیر قبضہ علاقے سے داغا گیا۔
برطانوی فوج کے "میرین ٹریڈ آپریشنز سینٹر" نے بتایا کہ خلیج عدن میں عدن کے ساحل سے تقریباً 235 کلومیٹر دور ایک جہاز نے دور سے دھواں اٹھتے دیکھا۔ مرکز نے واقعے کو حملہ قرار دیتے ہوئے علاقے میں موجود دیگر بحری جہازوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی۔ اسی تناظر میں نجی سکیورٹی کمپنی "امبری" نے بھی متنبہ کیا۔
بعد ازاں برطانوی مرکز نے تصدیق کی کہ "ایک بحری جہاز کو نامعلوم میزائل لگا ہے اور جہاز میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔" رپورٹس کے مطابق یہ جہاز ہالینڈ کا پرچم بردار ہے۔