ٹرمپ کی نیویارک کی میئرشپ کے امیدوار پر تنقید ... ممدانی کو "کمیونسٹ" قرار دیا
ممدانی کا انتخاب ریپبلکنز کے لیے بڑی خوش خبری ہو گی : ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں نیویارک کے میئر کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار زهران ممدانی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انھیں "کمیونسٹ" قرار دیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ممدانی کا انتخاب لڑنا "ریپبلکن پارٹی کے لیے بہترین واقعات میں سے ایک ہوگا"۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ممدانی جیت گئے تو اُنھیں واشنگٹن کے ساتھ ایسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا "جو شہر کی تاریخ میں کسی بھی میئر کو نہیں ہوا"۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ممدانی کو اپنے "جھوٹے کمیونسٹ وعدوں" پر عمل کرنے کے لیے صدارتی فنڈز کی ضرورت ہو گی، "لیکن اُنھیں کچھ نہیں ملے گا"۔ ٹرمپ نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ سوچیں کہ آیا ممدانی کو ووٹ دینا واقعی فائدہ مند ہے یا نہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ "کمیونسٹ نظریہ ہزاروں سالوں میں بارہا ناکام ہوا ہے اور ایک بار پھر ناکام ہوگا، یہ طے شدہ بات ہے"۔
زهران ممدانی امریکا کی مقامی سیاست میں ترقی پسند دھڑے کے نمایاں چہروں میں سے ایک ہیں۔ وہ 1991 میں یوگنڈا میں ایک بھارتی نژاد مسلم خاندان میں پیدا ہوئے اور بعد ازاں اہلِ خانہ کے ساتھ امریکا منتقل ہو کر نیویارک میں پلے بڑھے۔
وہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ پارٹی کے رکن ہیں اور سماجی انصاف، رہائش کی اصلاحات اور مہاجرین کے حقوق کے حامی کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
سال 2020 میں ممدانی کو نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن کے طور پر منتخب کیا گیا، جہاں وہ کوئنز کے علاقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وہ اسمبلی میں منتخب ہونے والے ابتدائی مسلم ارکان میں شامل ہیں۔ اُنہیں ڈیموکریٹک پارٹی کے ترقی پسند دھڑے کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور انھوں نے سستی رہائش کے منصوبوں کے فروغ اور عوامی خدمات کی بہتری کے ایجنڈے پر مقبولیت حاصل کی ہے۔