طالبان حکومت نے پورے افغانستان میں انٹرنیٹ پر پابندی کی خبریں مسترد کر دیں
"پرانی اور خستہ حال فائبر آپٹک کیبلز تبدیل کر رہے ہیں"
طالبان حکومت نے بدھ کے روز افغانستان کے طول و عرض میں انٹرنیٹ پر پابندی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پرانی اور خستہ حال فائبر آپٹک کیبلز کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
یہ اعلان مکمل مواصلاتی بندش پر طالبان کا پہلا عوامی بیان تھا جس سے بینکنگ، تجارت اور ہوا بازی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔
طالبان رہنما ہیبت اللہ اخوندزادہ کی جانب سے غیر اخلاقی سرگرمیوں سے نمٹنے کے حکم نامے کے باعث گذشتہ ماہ متعدد صوبوں نے انٹرنیٹ کی بندش کی تصدیق کی۔
طالبان حکام نے پاکستانی صحافیوں کے ایک چیٹ گروپ میں تین سطری بیان میں کہا کہ "ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ ہم نے انٹرنیٹ پر پابندی لگا دی ہے۔"