ایلون مسک 500 ارب ڈالرز کے مالک دنیا کے پہلے شخص بن گئے
انھیں یہ کامیابی "ٹیسلا" کے حصص میں بہتری اور ان کی ملکیتی دیگر نئی کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافے کی بدولت ملی
ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر [سی ای او] ایلون مسک دنیا کے پہلے شخص بن گئے جن کی مجموعی دولت تقریباً 500 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
یہ تاریخی کامیابی ٹیسلا کے حصص میں ریکارڈ اضافے اور ٹیکنالوجی کے اس معروف صنعت کار کی ملکیتی دیگر نئی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی قدر کی بدولت ممکن ہوئی۔
'فوربز' میگزین میں شائع ہونے والے ارب پتیوں کے انڈیکس کے مطابق، مسک کی مجموعی دولت 499 اعشاریہ 5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
ٹیسلا کے حصص مسک کی مجموعی دولت میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، کیونکہ اس سال اب تک یہ 14 فیصد سے زیادہ بڑھ چکے ہیں اور گذشتہ بدھ کو ان میں تقریباً چار فیصد اضافہ ہوا، جس سے مسک کی خالص دولت میں سات ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا۔
ٹیسلا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پچھلے ماہ مسک کو ایک کھرب ڈالر مالیت کے معاوضے کا منصوبہ پیش کیا، جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ وہ کمپنی پر مکمل کنٹرول رکھتے ہیں، اور یہ اس وقت ہو رہا ہے، جب کمپنی خود کو مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس میں ایک نمایاں ادارہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
مسک کی نئی کمپنی X.AIجو مصنوعی ذہانت میں کام کر رہی ہےاور راکٹ بنانے والی کمپنی SpaceX نے اس سال اپنی قدر و قیمت میں اضافہ کیا ہے۔
ایلون مسک کے بعد اوریکل کے بانی لارری ایلیسن فوربز کی فہرست میں دنیا کے دوسرے سب سے امیر شخص بن گئے، جن کی خالص دولت بدھ تک تقریباً 351 اعشاریہ 5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔