ٹماٹر کے پیسٹ پر لگی پھپھوندی ہٹا کر استعمال کرنا خطرناک اقدام
ہم میں سے اکثر نے کبھی نہ کبھی ایسی محفوظ شدہ خوراک (جیسے بوتل یا مرتبان میں رکھی ہوئی چیزیں) استعمال کی ہوں گی، جن پر پھپھوندی جم چکی تھی۔ اکثر لوگ صرف اوپر کی پھپھوندی کی تہہ ہٹا کر ٹماٹر کا پیسٹ یا مربّہ وغیرہ استعمال کر لیتے ہیں۔
ماہرین اس عادت کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہیں اور مشورہ دیتے ہیں کہ ایسی بوتل یا مرتبان کو فوراً پھینک دینا چاہیے۔کیونکہ اگرچہ پھپھوندی صرف اوپر دکھائی دیتی ہے، اس کے اثرات خوراک کے اندر تک پھیل جاتے ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ خطرناک بیکٹیریا بھی بڑھنے لگتے ہیں۔
پھپھوندی کا زہر
یہ بات خاص طور پر اہم ہے کہ پھپھوندی بعض اوقات زہریلے کیمیائی مادّے پیدا کرتی ہے، جنہیں مائیکوٹوکسنز کہا جاتا ہے۔ یہ مادّے انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں اور ان کی مقدار، استعمال کی مدت، عمر اور صحت کی حالت کے لحاظ سے بیماری یا حتیٰ کہ موت کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔
آنتوں میں زہر (فوڈ پوائزننگ) کی صورت میں علامات میں الٹی، اسہال اور جگر کی شدید بیماریاں شامل ہو سکتی ہیں۔ جبکہ طویل عرصے تک مائیکوٹوکسنز کے اثر میں رہنے سے مدافعتی نظام (Immune System) کمزور پڑ سکتا ہے۔
اگرچہ پھپھوندی کا بڑھنا عام طور پر آنکھ سے نظر آتا ہے، لیکن مائیکوٹوکسنز خود انسانی آنکھ سے دکھائی نہیں دیتے اور یہ خوراک کے اندر تک سرایت کر سکتے ہیں۔
سب سے زیادہ خطرہ ان نرم غذاؤں میں ہوتا ہے، جیسے نرم پھل، مربّہ، ٹماٹر کا پیسٹ، نرم پنیر، روٹی، مونگ پھلی کا مکھن، دہی اور کریم وغیرہ۔
سخت غذائوں جیسے سخت پنیر (Hard Cheese) پر تھوڑی سی پھپھوندی لگ جائے، تو ماہرین کے مطابق گھبرانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ایسی صورت میں صرف پھپھوندی والا حصہ کاٹ کر پھینک دینا کافی ہوتا ہے، کیونکہ پھپھوندی سخت چیزوں کے اندر تک نہیں پھیل پاتی۔ یوں باقی حصہ محفوظ رہتا ہے اور اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جیسا کہ ہیلتھ لائن Healthline ویب سائٹ نے رپورٹ کیا ہے۔
لیکن اگر کھانا پوری طرح پھپھوندی سے ڈھک گیا ہو، تو اسے فوراً پھینک دینا ہی بہتر ہے۔