ہم اسرائیل اور متعلقہ بحری جہازوں پر حملے روک دیں گے ... حوثیوں کا حماس کو پیغام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

یمن میں حوثی ملیشیا نے فلسطینی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کو ایک پیغام بھیجا ہے۔ پیغام میں ملیشیا نے اسرائیل اور بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر اپنے حملے روکنے کا اشارہ دیا جب کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی ابھی نازک حالت میں ہے۔

حوثیوں نے پیغام میں مزید کہا کہ وہ "صورت حال پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور اگر اسرائیل غزہ پر دوبارہ جارحیت کرے گا تو وہ اسرائیل کے اندر اپنی کارروائیاں دوبارہ شروع کریں گے اور بحیرہ احمر میں اسرائیلی جہاز رانی پر بھی پابندی عائد کریں گے"۔ یہ بات آج منگل کے روز خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتائی۔

اگرچہ یہ پیغام یمنی میڈیا میں شائع ہوا، تاہم حوثیوں کی جانب سے اس کی تصدیق میں کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا کہ انھوں نے اپنے حملے روک دیے ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے حوثیوں نے باقاعدگی سے بیلسٹک میزائل اور ڈرونز اسرائیل کی جانب بھیجے، جن میں زیادہ تر کو اسرائیل نے روک لیا۔ اس کے علاوہ حوثیوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر درجنوں حملے کیے اور دعویٰ کیا کہ یہ جہاز اسرائیل کے مفاد میں کام کر رہے ہیں۔

اسرائیل نے اس کے جواب میں یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں، بنیادی ڈھانچے اور رہنماؤں کو نشانہ بنایا۔ حوثیوں نے دھمکی دی تھی کہ وہ اسرائیل کی جانب ڈرون اور میزائل حملے جاری رکھیں گے ..."جب تک غزہ پر محاصرہ اور اس میں جاری خون ریز جنگ ختم نہیں ہو جاتی"۔

یاد رہے کہ 10 اکتوبر سے غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ نافذ العمل ہوا جو امریکی، مصری اور قطری کوششوں کے بعد کئی ماہ کی بات چیت کا نتیجہ تھا۔ یہ معاہدہ فلسطینی علاقے میں دو سالہ خون ریز جنگ کے بعد امن منصوبے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں