وینزویلا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے وینز ویلا کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ وینز ویلا کا کہنا ہے کہ اس کا فضائی دائرہ "مکمل طور پر بند" سمجھا جانا چاہیے، ساتھ ہی اس نے امریکہ کو "نوآبادیاتی خطرہ" قرار دیا۔
وینز ویلا کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ " ان کا ملک اس نوآبادیاتی خطرے کی شدید مذمت کرتا ہے جو اس کے فضائی دائرے کی خودمختاری کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، یہ ایک نیا اشتعال انگیز، غیر قانونی اور بلا جواز حملہ ہے جو وینزویلا کے عوام کے خلاف ہے"۔
ٹرمپ کا یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکہ بحر کیریبین کے علاقے میں وسیع پیمانے پر امریکی افواج بھیج کر وینزویلا پر دباؤ بڑھا رہا ہے اور دنیا کے سب سے بڑے ایئر کرافٹ کیریئر کو اس علاقے بھیج کر زمین پر حملوں کی دھمکی دے رہا ہے، یہ سب منشیات کی بھتہ خوری کے خلاف اپنی جنگ کے ضمن میں ہے۔
وینزویلا کی وزارت خارجہ نے زور دے کر کہا کہ کاراکاس "صدر (ٹرمپ) کے سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام کو سختی سے مسترد کرتا ہے" ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ "یہ غیر معمولی طور پر احکامات جاری کر رہا ہے اور وینزویلا کے قومی فضائی دائرے، ملک کی سرزمین کی سلامتی، فضائی سکیورٹی اور ریاستی خودمختاری کو خطرے میں ڈال رہا ہے"۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ "اس قسم کے بیانات یک طرفہ اور جارحانہ عمل ہیں جو بین الاقوامی قانون کے سب سے بنیادی اصولوں کے خلاف ہیں اور ہمارے ملک کے خلاف مسلسل جارحانہ پالیسی کے دائرے میں آتے ہیں"۔
حکومت وینزویلا نے کہا کہ ٹرمپ کا بیان "لاطینی امریکہ کے خلاف نوآبادیاتی رجحان" ظاہر کرتا ہے۔ بیان زور دیا کہ وہ "بیرون ملک سے کسی بھی ڈکٹیشن کو قبول نہیں کریں گے۔ہماری فضائی حدود کا احترام ضروری ہے اور کسی بھی غیر ملکی خطرے کو قبول نہیں کیا جائے گا"۔
کاراکاس نے مزید کہا کہ اس اعلان کے نتیجے میں واشنگٹن نے "یک طرفہ طور پر" وہ پروازیں معطل کر دی ہیں جو غیر قانونی وینزویلا مہاجرین کو امریکہ سے وینزویلا واپس لے جاتی تھیں۔یہ پروازیں ہفتہ وار باقاعدگی سے چلتی تھیں۔ بیان میں کہا گیا کہ "اب تک 75 پروازیں کی جا چکی ہیں جن کے ذریعے 13,956 افراد واپس آئے۔" یہ پروازیں دونوں ممالک کے درمیان موجود بحران کے باوجود جاری رہیں۔
ٹرمپ وینزویلا پر منشیات کی تجارت میں تعاون کا الزام لگاتے ہیں تاہم کاراکاس اس الزام کی سختی سے تردید کرتا ہے اور کہتا ہے کہ امریکہ وینزویلا میں حکومت تبدیل کرنے اور ملک کے تیل کے ذخائر پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔