ایپسٹین کے ساتھ تصاویر 20 سال سے زیادہ پرانی ہیں: ترجمان بل کلنٹن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

بل کلنٹن کے ترجمان نے سابق امریکی صدر کا اس وقت دفاع کیا ہے جب ایسی تصاویر کا ایک سلسلہ شائع ہوا جس میں وہ بدنام زمانہ آنجہانی ارب پتی جیفری ایپسٹین اور جنسی جرائم میں سہولت کاری کی ملزمہ جشیلین میکسویل کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ ترجمان اینجل یورینا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس ‘‘ پر ایک بیان میں کہا کہ وائٹ ہاؤس نے بل کلنٹن کے تحفظ کے لیے ان فائلوں کو مہینوں تک چھپا کر نہیں رکھا تھا کہ اب اچانک جمعہ کی شام انہیں شائع کر دے۔ بلکہ یہ خود کو بچانے کی ایک کوشش ہے۔ وہ 20 سال پرانی جتنی چاہیں دھندلی تصاویر شائع کر لیں لیکن اصل مسئلہ بل کلنٹن نہیں ہیں، نہ کبھی تھے اور نہ کبھی ہوں گے۔

یورینا نے مزید کہا کہ اس کیس میں دو طرح کے لوگ ہیں، ایک وہ جو کچھ نہیں جانتے تھے اور ایپسٹین کے جرائم سامنے آنے سے پہلے ہی اس سے تعلق توڑ چکے تھے اور دوسرے وہ جنہوں نے اس کے بعد بھی تعلقات برقرار رکھے۔ ہم پہلے گروہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ’’ ایم اے جی اے ‘‘ حامیوں کی کسی بھی قسم کی تاخیری حربوں سے یہ حقیقت نہیں بدلے گی۔

واشنگٹن میں امریکی محکمہ انصاف کی طرف سے جاری کردہ جیفری ایپسٹین فائلوں سے ایک تصویر میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن ایک خاتون کے ساتھ۔ 19 دسمبر 2025 - رائٹرز
واشنگٹن میں امریکی محکمہ انصاف کی طرف سے جاری کردہ جیفری ایپسٹین فائلوں سے ایک تصویر میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن ایک خاتون کے ساتھ۔ 19 دسمبر 2025 - رائٹرز

ترجمان نے وائٹ ہاؤس کی چیف آف سٹاف سوزی وائلز کے بیان کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے ٹرمپ کے اس دعوے کی تردید کی کہ یہ فائلیں کلنٹن کو مجرم ثابت کریں گی۔ وائلز کا کہنا تھا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ کلنٹن نے ایپسٹین کے نجی جزیرے کا 28 بار دورہ کیا جیسا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکی ایوان نمائندگان کی نگران کمیٹی کے ڈیموکریٹ ارکان نے جمعہ کو وہ تصاویر جاری کیں جو بقول ان کے ایپسٹین کی املاک سے ملی تھیں۔ ان تصاویر میں ڈونلڈ ٹرمپ، بل کلنٹن، سٹیو بینن، بل گیٹس اور دیگر اہم شخصیات نظر آ رہی ہیں۔

کمیٹی کے مطابق کل 19 تصاویر جاری کی گئی ہیں، جن میں سے کوئی بھی غیر قانونی فعل کی عکاسی نہیں کرتی اور نہ ہی ان میں کوئی نابالغ لڑکی نظر آ رہی ہے۔ ان تصاویر کے وقت کا تعین بھی نہیں کیا گیا۔ ایک تصویر میں ٹرمپ 6 خواتین کے ساتھ نظر آ رہے ہیں جن کے چہرے چھپائے گئے ہیں۔ دیگر تصاویر میں سٹیو بینن اور ایپسٹین ایک آئینے کے سامنے تصویر کھنچوا رہے ہیں۔ بل کلنٹن، ایپسٹین اور میکسویل کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اسی طرح بل گیٹس شہزادہ اینڈریو کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان ابیگیل جیکسن نے ایک بیان میں کہا کہ ڈیموکریٹس ایک جھوٹا بیانیہ بنانے کے لیے منتخب تصاویر کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ڈیموکریٹس خود بھی ایپسٹین کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے اپنی 2024 کی مہم میں وعدہ کیا تھا کہ وہ منتخب ہونے پر ایپسٹین کی سرکاری فائلیں ڈی کلاسیفائی کر دیں گے، اس وقت اس معاملے سے نکل کر امریکیوں کے اہم ترین مسئلے یعنی مہنگائی پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں