آبنائے باب المندب میں بحری جہاز پر مشتبہ قزاقوں کا حملہ: حکام
عملہ محفوظ ہے، کوئی نقصان نہیں ہوا
حکام نے بتایا کہ ایک بحری جہاز جمعہ کو تنگ آبنائے باب المندب سے گذر رہا تھا کہ مشتبہ قزاقوں نے حملہ کر دیا۔
برطانوی فوج کے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر (یو کے ایم ٹی او) نے بتایا کہ اس واقعے میں ایک جہاز کا چھوٹے جہازوں نے تعاقب کیا اور اس پر گولی چلا دی۔
نجی سکیورٹی فرم ڈائیپلوس گروپ نے بتایا کہ جہاز دو بار حملے کی زد میں آیا اور اس پر سوار مسلح محافظوں نے جوابی فائرنگ کی۔ اس نے کہا ہے کہ عملہ محفوظ ہے اور جہاز کو بڑی مقدار میں سامانِ تجارت لے جانے والا جہاز قرار دیا ہے۔
باب المندب بحیرۂ احمر اور خلیج عدن کو ملاتا اور افریقی برِ اعظم کو جزیرہ نما عرب سے الگ کرتا ہے۔
اس علاقے میں اسرائیل-حماس جنگ کے خلاف حوثیوں کے حملوں اور صومالیہ سے بھی بحری قزاقی میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ غزہ کی پٹی میں ایک غیر یقینی اور نازک جنگ بندی کے بعد حوثیوں نے البتہ اپنے حملے روک دیے ہیں۔