سعودی عرب: روایتی فنون کے رائل انسٹی ٹیوٹ ’’ ورث ‘‘ کی نمائش شروع ہوگئی
سعودی عرب میں روایتی فنون کے رائل انسٹی ٹیوٹ "ورث" نے ریاض کے علاقے "حی جاکس" میں اپنی فنی نمائش کا افتتاح کر دیا ہے۔ یہ نمائش 2025 کے دستکاری کے سال کے اختتام کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہے۔
نمائش ایک جدید فنی تجربہ پیش کرتی ہے جس کی بنیاد سعودی روایتی فنون پر ہے اور اس میں طلبہ کی سال بھر کی تعلیمی و تخلیقی محنت کو پیش کیا گیا ہے۔
نمائش 31 دسمبر تک جاری رہے گی، جس میں سعودی عرب کے مختلف روایتی فنون سے ماخوذ 550 سے زائد فنی پارے شامل ہیں۔ یہ کام 170 سے زائد طلبہ و طالبات نے مکمل کیا ہے جنہوں نے مختلف تعلیمی پروگراموں، شارٹ کورسز، اپرنٹس شپ اور ڈپلومہ پروگراموں کے تحت 30 ہزار گھنٹوں سے زیادہ کام کیا۔ نمائش میں رکھے گئے فن پارے طلبہ کی فنی مہارتوں میں ترقی اور روایتی فنون کو جدید لبادے میں پیش کرنے کی صلاحیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ نمائش میں پیش کردہ کام اصلیت اور جمالیاتی افادیت کا مجموعہ ہیں جو ایک ہنر کو بصری اور ثقافتی اثر رکھنے والی فنی مشق میں بدل دیتے ہیں۔
ماسٹر ڈگری کے طلبہ کا عملی تجربہ
اس سال کی نمائش کی خاص بات "میوزیم اور نمائشوں کی فنی تیاری" (میوزیم اینڈ ایگزیبیشن کیوریشن) کے ماسٹر ڈگری کے طلبہ کی شرکت ہے۔ یہ وہ طلبہ ہیں جنہوں نے اکتوبر 2025 میں اس پروگرام میں شمولیت اختیار کی تھی اور انہیں دسمبر کے دوران نمائش کی تیاری و تنصیب میں براہ راست حصہ لینے کا موقع دیا گیا۔
یہ ابتدائی عملی تجربہ انہیں پیشہ ورانہ مہارتوں سے ہم آہنگ کرنے میں مددگار ثابت ہوا۔ یہ شرکت انسٹی ٹیوٹ کے تعلیمی فلسفے "طلبہ کی جانب سے، طلبہ کے لیے نمائش" کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد تعلیمی پہلو کو حقیقی کام کے ماحول میں عملی اطلاق سے جوڑنا ہے۔
قومی صلاحیتوں کی تربیت کا ثقافتی پلیٹ فارم
یہ نمائش ایک مکمل تعلیمی ماڈل پیش کرتی ہے جو دستکاری، ڈیزائن اور ٹیکنالوجی کو یکجا کرتا ہے۔ یہ عوام کو طلبہ کے تجربات، ان کی ترقی کے مراحل اور فنی نتائج کو ایک جدید تناظر میں دیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
یہ نمائش انسٹی ٹیوٹ کے اس مشن کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد قومی صلاحیتوں کو بااختیار بنانا، سعودی فنی ورثے کی حفاظت کرنا اور اسے ثقافتی منظر نامے کے ایک زندہ عنصر کے طور پر ترقی دینا ہے۔