یوکرین میں بم باری میں قطری سفارت خانے کی عمارت کو نقصان، سعودی عرب کا اظہار افسوس

دوحہ کے کسی سفارت کار کو ضرر نہیں پہنچا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے یوکرین کے دار الحکومت کئیف میں بم باری کے نتیجے میں برادر ملک قطر کے سفارت خانے کی عمارت کو پہنچنے والے نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ مملکت اس امر پر زور دیتی ہے کہ ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کے مطابق سفارتی مشنز کے ارکان اور ان کی عمارتوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جانا ضروری ہے۔ ساتھ ہی سعودی عرب نے روسی یوکرینی بحران کے پُر امن حل کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کے اپنے موقف کی تجدید کی ہے۔

اس سے قبل قطر نے بھی کئیف پر گذشتہ شب ہونے والی بم باری کے نتیجے میں یوکرین میں اپنے سفارت خانے کی عمارت کو پہنچنے والے نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا تھا، تاہم اس نے اس بات کی تصدیق کی کہ کسی بھی سفارت کار یا سفارت خانے کے عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

قطری وزارت خارجہ نے جمعہ کو جاری اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ سفارت خانوں، سفارتی مشنز، بین الاقوامی تنظیموں کے دفاتر اور شہری تنصیبات کو بحرانوں کے اثرات سے محفوظ رکھا جانا چاہیے اور بین الاقوامی قانون کے تحت ان سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کیا جانا ضروری ہے۔

وزارت نے روسی یوکرینی بحران کے حل کے لیے مکالمے اور پُر امن ذرائع کے ذریعے مسئلے کے حل کی حمایت پر قطر کے مستقل موقف کا اعادہ کیا۔ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے اور کشیدگی میں کمی کے لیے تمام بین الاقوامی کوششوں کی مکمل حمایت کا بھی اظہار کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں