گرل فرینڈ کو کتوں کے آگے ڈال دیا، قاتل گول کیپر کے باعث برازیل کپ میں ہنگامہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

برازیلین گول کیپر برونو فرنینڈس کی اپنے کلب ’’واسکو دا گاما اے سی ‘‘ کی جانب سے ’’ فیلو کلب ‘‘ کے خلاف میچ میں شرکت نے بڑے پیمانے پر ردعمل پیدا کیا ہے۔ 41 سالہ کھلاڑی برونو فرنینڈس نے اپنی ماڈل گرل فرینڈ ایلیزا ساموڈیو کے قتل کے الزام میں گرفتاری کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلا ہے۔ برونو فرنینڈس پر 2010 میں اپنی گرل فرینڈ اور اپنے بچے کی ماں کو قتل کرنے کا الزام تھا اور اسے 22 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

ان کی گرل فرینڈساموڈیو، جن کی عمر اس وقت 25 سال تھی، نے برونو فرنینڈس کے برازیلین کلب ’’ فلامینگو ‘‘ میں قیام کے دوران ایک بچے کو پیدا کیا تھا۔ ماڈل کو غنڈوں کے ایک گروہ نے تشدد اور گلا دبانے کے بعد قتل کر دیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ ایلیزا کی لاش کے ٹکڑے کر کے بھوکے کتوں کو کھلا دیے گئے تھے۔ بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ برونو نے بچے کا خرچہ دینے سے بچنے کے لیے ایلیزا کے قتل کا حکم دیا تھا۔

برونو فرنینڈس کے جرم کی سنگینی کے باوجود اسے 2017 میں 22 سالہ سزا میں سے صرف چھ سال سات ماہ گزارنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔ اس کی وجہ میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کا نرم قانونی نظام تھا۔ 6 فٹ 3 انچ قد کا گول کیپر برونو فرنینڈس اپنا کھیلوں کا کیریئر دوبارہ شروع کرنے میں کامیاب رہا اور اس نے برازیل کی سیکنڈ ڈویژن کے کلب ’’ یوا اسپورٹی ‘‘ کے ساتھ معاہدہ کیا اور دوبارہ جیل جانے سے پہلے پانچ میچ کھیلے ہیں۔

کلب کے ساتھ معاہدے کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں برونو فرنینڈس نے حیران کن بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھائی، جو ہوا سو ہوا، میں نے غلطی کی اور زندگی میں غلطیاں ہو جاتی ہیں۔ میں برا انسان نہیں ہوں، لوگوں نے ایک غلطی کی وجہ سے میرا خواب دفن کرنے کی کوشش کی لیکن میں نے خدا سے معافی مانگ لی ہے۔ اس لیے میں نے اپنا سفر جاری رکھا اور میں دوبارہ آغاز کروں گا۔

2019 میں برازیلین گول کیپر کو دوبارہ رہا کردیا گیا۔ اس بار جزوی گھر کی نظر بندی کے تحت انہیں رہا کیا گیا۔ اسی دوران وہ فٹ بال کھیلنے کے قابل بھی رہا۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران وہ ’’ واسکو دا گاما اے سی ‘‘ میں شامل ہونے میں کامیاب رہا اور جمعہ کو برازیل کپ کے میچ میں شرکت کی۔ اس میچ میں اس کی ٹیم برابری کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہار گئی۔ 2009 کے بعد برازیل کپ میں یہ اس کا پہلا میچ تھا۔

میچ میں حیرت انگیز بات یہ تھی کہ اس کی ٹیم کے شائقین نے ’’ قاتل گول کیپر ‘‘ کے ساتھ معاہدہ کرنے پر کلب پر ہونے والی تنقید کے باوجود اس کے ہر بچاؤ پر نعرے لگا کر اس کی حمایت کی تھی۔ برونو فرنینڈس نے کپ کے میچ میں شاندار کارکردگی دکھائی لیکن اس وقت ایک خوفناک منظر سامنے آیا جب بلڈ پریشر کم ہونے کی وجہ سے اسے طبی امداد دی گئی۔ اس نے میچ مکمل کیا لیکن اپنی ٹیم کو اگلے مرحلے تک نہ پہنچا سکا حالانکہ اس نے دو پنالٹی ککس روک لی تھیں۔

’’ واسکو دا گاما اے سی ‘‘ کلب نے میچ کے آغاز سے قبل ٹیم کی گروپ فوٹو میں اس وقت مزید تنازع کھڑا کر دیا جب کھلاڑیوں نے آفیشل فوٹو کے دوران "لکینیو"، "سیربا" اور "برائن" کی شرٹس پکڑ رکھی تھیں جو کلب کے ہیڈ کوارٹر میں دو خواتین کے ساتھ زیادتی کے ملزم کھلاڑی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں