آئی فون 17 پرو میکس سے لی گئی ’’ آرٹیمس 2 ‘‘ کے خلابازوں کی تصاویر جاری
ناسا نے فروری میں اعلان کیا تھا اس فون نے ’’ آرٹیمس 2 ‘‘ مشن کے دوران استعمال کے لیے ضروری ٹیسٹ پاس کر لیے ہیں
امریکی خلائی ادارے (ناسا) نے ان تین شاندار تصاویر کو جاری کیا ہے جو آرٹیمس 2 مشن کے خلابازوں نے چاند کے سفر کے دوران اپنے آئی فون 17 پرو میکس فونز سے کھینچی تھیں۔
فروری میں ناسا نے بتایا تھا کہ آئی فون نے مدار میں طویل استعمال کے لیے تمام ضروری ٹیسٹ مکمل کر لیے ہیں اور اورین خلائی جہاز پر سوار عملے کے چاروں ارکان کو ذاتی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے لیے آئی فون 17 پرو میکس دیا گیا تھا۔
ان تصاویر میں آرٹیمس 2 مشن کے کمانڈر ریڈ وائز مین اور مشن سپیشلسٹ کرسٹینا کوچ کو اورین خلائی جہاز کے مرکزی کیبن کی ایک کھڑکی سے زمین کی طرف دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ فلکر ویب سائٹ کے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تصاویر آئی فون 17 پرو میکس کے فرنٹ کیمرے سے 2 اپریل کو لی گئیں جو مشن کا دوسرا دن تھا۔
آرٹیمس 2 سال 1972 کے بعد ناسا کا چاند کی طرف پہلا انسانی مشن ہے۔ توقع ہے کہ عملہ پیر کے روز چاند کی دوسری سمت یعنی ڈارک سائیڈ پر پہنچ جائے گا جس سے زمین سے انسانوں کے طویل ترین فاصلے کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ تاہم اورین جہاز چاند کی سطح پر اترنے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور اس کی 10 اپریل کو زمین پر واپسی طے ہے۔