سعودی عرب نے ہفتے کے روز لبنان میں تعینات امن دستوں 'یونیفل' پر کیے گئے حملے کی مذمت کی ہے۔ اس حملے میں فرانس سے تعلق رکھنے والا ایک فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔ حملہ جنوبی لبنان میں کیا گیا تھا۔
مملکت نے فرانس کے عبوری امن دستے پر کیے گئے حملے کی مذمت کی۔ جس میں ایک فرانسیسی فوجی ہلاک اور دوسرے کئی زخمی ہو گئے۔ وزارت خارجہ کے مذمتی بیان میں سعودی عرب کی جانب سے 'یونیفل' کے لیے حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔
نیز کہا گیا ہے کہ 'یونیفل' پر کیے گئے حملے کے ذمہ داروں کو ان کی بار بار کی گئی کارروائیوں پر قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے۔ تاہم سعودی وزارت خارجہ کے اس بیان میں حملہ آوروں کا نام نہیں لیا گیا ہے۔ البتہ فرانسیسی حکومت اور عوام کے ساتھ ان کے ایک فوجی کی ہلاکت پر تعزیت کی گئی ہے اور زخمی فوجیوں کی فوری صحت یابی کے لیے دعا کی گئی ہے۔
یاد رہے فرانس کے فوجیوں کا دستہ جو کہ لبنان میں 'یونیفل' کے حصے کے طور پر تعینات ہے اس وقت چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کا نشانہ بنا جب جنوبی لبنان کے ایک گاؤں میں معمول کی گشت پر تھا۔ فائرنگ سے ایک ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ ان زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔