امریکی خفیہ سروس نے ہفتہ کی شام واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس کے عشائیے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فوری طور پر باہر نکال لیا، جب تیز دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آوازیں سنتے ہی تقریب میں موجود مہمان میزوں کے نیچے چھپ گئے، جبکہ سیکیورٹی اہلکار اپنے ہتھیاروں کے ساتھ اسٹیج کے گرد تعینات ہو گئے جہاں ٹرمپ موجود تھے، بعد ازاں انہیں وہاں سے باہر لے جایا گیا۔
اس دوران واشنگٹن ہلٹن ہوٹل کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا، جہاں یہ تقریب جاری تھی،جبکہ علاقے میں ہیلی کاپٹروں کی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔
مراسلة العربية من داخل حفل عشاء المراسلين: الخدمة السرية ستقرر ما سيحدث الآن pic.twitter.com/Li5ZP6Oo3X
— العربية (@AlArabiya) April 26, 2026
صدر اور خاتونِ اول محفوظ ہیں
بعد ازاں امریکی خفیہ سروس نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا محفوظ ہیں۔
ادارے نے جو اعلیٰ شخصیات کے تحفظ کا ذمہ دار ہے، کہا کہ صدر اور خاتونِ اول سمیت تمام زیرِ حفاظت افراد محفوظ ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ یہ واقعہ تقریب کے مرکزی سیکیورٹی چیک پوائنٹ کے علاقے میں پیش آیا۔
ٹرمپ کا پہلا ردعمل
واقعے پر اپنے پہلے ردعمل میں ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ''ٹروتھ سوشل'' پر کہا کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: واشنگٹن میں ایک ہنگامہ خیز رات تھی، خفیہ سروس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین کام کیا۔