میکسیکو سٹی کی حکومت نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ میکسیکو کی جانب سے ایکواڈور کو شکست دینے اور سنہ 2026ء فٹ بال ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے پر منائے جانے والے جشن کے دوران ’پاسیو دی لا ریفورما‘ چوک کے قریب دم گھٹنے سے 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
میکسیکو کی ٹیم نے ایکواڈور کو دو صفر سے شکست دے کر سنہ 2026ء فٹ بال ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا تاہم یہ جشن دارالحکومت کے وسط میں 3 افراد کی موت کے المیے پر ختم ہوا۔
میکسیکو سٹی کے محکمہ صحت نے بدھ کو بتایا کہ ہمیں خواریز کے علاقے میں ایک 44 سالہ شخص اور 19 سالہ خاتون کے بے ہوش ہونے کی اطلاع ملی اور انہیں بحال کرنے کی کوشش کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
محکمہ صحت نے مزید کہا کہ پہلی اطلاع کے ایک گھنٹے بعد ہمیں اسی علاقے سے 48 سالہ خاتون کے بے ہوش ہونے کی دوسری اطلاع ملی اور پیرامیڈیکل عملے نے انہیں بچانے کی کوشش کی اور ہنگامی طبی امداد کے لیے منتقل کیا لیکن وہ بھی دم گھٹنے کے باعث چل بسیں۔
قومی ٹیم کا میچ ختم ہوتے ہی میکسیکو کے شائقین کی بڑی تعداد نے جیت کا جشن منانے کے لیے ’پاسیو دی لا ریفورما‘ اور ’فرشتہ آزادی‘ کے مجسمے کے قریب جمع ہونا شروع کر دیا تھا۔