سعودی عرب کے قدرتی ماحول سے متعلق سائنسی دریافتوں کے تسلسل میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز رائل ریزرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے تحقیقی ٹیم کے تعاون سے عربی بلیک ڈیتھ بچھو (Arabian Black Death Scorpion) کی شمالی سعودی عرب کے علاقے حائل میں پہلی بار موجودگی ریکارڈ کی ہے۔
اس تحقیق کے دوران پہلی مرتبہ عالمی سطح پر اس بچھو کی جینیاتی شناخت (Genetic Identification) بھی کی گئی، جس کے نتائج بین الاقوامی سائنسی جریدے Diversity میں شائع ہوئے، جو اس تحقیق کی عالمی اہمیت اور سائنسی قبولیت کی عکاسی کرتے ہیں۔
مطالعے سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اس بچھو کی معلوم جغرافیائی حدود میں 200 کلومیٹر سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل اس کی موجودگی صرف ''العلا'' کے علاقے تک محدود سمجھی جاتی تھی، جبکہ اب اس کی موجودگی حائل تک ریکارڈ ہونے سے واضح ہوتا ہے کہ یہ نوع شمالی سعودی عرب کے چٹانی پہاڑی اور نیم خشک ماحول سے مطابقت رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ دریافت اس نوع کی شمالی علاقوں میں پھیلاؤ کی نئی نقشہ بندی میں مدد دے گی، حیاتیاتی تنوع سے متعلق معلومات کو مزید درست بنائے گی اور اس کے تحفظ کے لیے سائنسی بنیادوں پر مؤثر منصوبہ بندی میں معاون ثابت ہوگی۔