سعودی لاجسٹک زونز میں سرمایہ کاری 15 ارب ریال تک پہنچ گئی: صالح الجاسر

ہم نے جدہ اسلامک پورٹ میں ایک ارب ریال مالیت کے 7 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں: سعودی وزیر ٹرانسپورٹ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات صالح الجاسر نے کہا ہے کہ حالیہ علاقائی بحران کے دوران مملکت تجارتی نقل و حرکت کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔

انہوں نے اس کامیابی کا سہرا ان سرمایہ کاریوں اور اصلاحات کے سر باندھا جو 2021 میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کی قومی حکمت عملی کے آغاز کے بعد سے اس شعبے میں کی گئی ہیں۔

صالح الجاسر نے "العربیہ بزنس" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وضاحت کی کہ مملکت تجارتی نقل و حرکت کو مشرقی ساحلوں سے مغربی ساحلوں پر آسانی سے منتقل کرنے میں کامیاب رہی۔ نہ صرف مقامی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بلکہ خلیجی ممالک اور عالمی منڈیوں کی خدمت کے لیے بھی تجارتی نقل و حرکت کو منتقل کیا گیا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے آغاز سے اب تک مغربی ساحل کی بندرگاہوں کے لیے 27 نئی بین الاقوامی بحری لائنیں شامل کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت نے آج لاجسٹک زونز کی ترقی کے لیے ایک ارب ریال مالیت کے 7 نئے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جس سے بندرگاہوں کے اندر لاجسٹک زونز کے معاہدوں کی تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی ہے۔ ان میں کل سرمایہ کاری کا حجم تقریباً 15 ارب ریال ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے معاہدوں میں بین الاقوامی اور قومی کمپنیوں کی سرمایہ کاری شامل ہے جن میں "میرسک" بھی شامل ہے جس نے جدہ اسلامک پورٹ کے اندر دنیا میں اپنے سب سے بڑے لاجسٹک زون کی توسیع کا معاہدہ کیا ہے جو تین سال قبل کھولا گیا تھا۔

اس کے علاوہ چینی کمپنی "جے ڈی ای" نے دو لاجسٹک زونز قائم کرنے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن میں سے ایک بندرگاہ کے اندر اور دوسرا الخمرہ کے علاقے میں ہے۔ 5 قومی کمپنیوں نے بھی لاجسٹک زونز کی ترقی کے لیے نئے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

صالح الجاسر نے کہا کہ جدہ اسلامک پورٹ ان لاجسٹک زونز کا سب سے بڑا حصہ حاصل کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مشرقی صوبے میں کنگ عبدالعزیز پورٹ اور مملکت کی دیگر متعدد بندرگاہوں میں بھی منصوبے جاری ہیں۔ جدہ اسلامک پورٹ پر ٹرکوں کی آمد و رفت کے لیے نئے زون کے افتتاح کے حوالے سے وزیر نے وضاحت کی کہ یہ اقدام ٹرکوں کی نقل و حرکت میں نمایاں اضافے کے جواب میں کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد آپریشنل کارکردگی کو بڑھانا، ٹرکوں کے داخلے اور اخراج کو منظم کرنا، ڈرائیوروں کے لیے کام کے ماحول کو بہتر بنانا اور جدہ شہر کے اندر ٹریفک کے ازدحام کو کم کرنا ہے۔

صالح الجاسر نے بتایا کہ نئے زون کی گنجائش روزانہ 40 ہزار ٹرکوں تک پہنچتی ہے۔ یہ بیک وقت تقریباً 2700 ٹرکوں کو وصول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزارت نے بحران کے دوران بندرگاہ کے دروازوں کی تعداد کو بھی دوگنا کر دیا تاکہ تجارتی نقل و حرکت کے بلا تعطل تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ان اقدامات نے بحری لائنوں کی توسیع اور لاجسٹک انفراسٹرکچر کے ساتھ مل کر سعودی بندرگاہوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو جذب کرنے اور علاقائی و عالمی سپلائی چینز کو سہارا دینے کی صلاحیت کو مضبوط کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں