رمضان المبارک میں کویتی اخبارات کی افطار کے بعد اشاعت
غروب شمس کے بعد اخبارات کی اشاعت کا قارئین کی جانب سے خیر مقدم
کویت میں رمضان المبارک کے دوران اخبارات نے زیادہ سے زیادہ قارئین تک پہنچنے کی جستجو میں ایک نئے مقابلے کی داغ بیل رکھی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق کویت کے پانچ بڑے روزناموں نے اپنے صبح کے ایڈیشن کے بجائے افطار ایڈیشن شائع کرنا شروع کر دیئے ہیں، اس فیصلے کے بعد مبصرین کے بقول کویت کے پرنٹ اخبارات میں بعض اہم بین الاقوامی اور عرب دنیا کی خبریں معدوم ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
کویتی اخبارات کا یہ فیصلہ ملک کی ستائیس برس پر محیط اخباری صنعت کی تاریخ میں منفرد اقدام قرار دیا جا رہا ہے جس میں اخبارات افطار کے بعد اور اس چند اس سے تھوڑی دیر قبل شائع ہو رہے ہیں۔
کویت سے شائع ہونے اخبار 'الانباء' نے ایڈیٹر محمد الحسینی کا کہنا ہے کہ قاری دیگر معاصر اخبارات سے الگ کچھ نیا پڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اہالیاں کویت اور یہاں مقیم تارکین وطن کے معمولات میں آنے والی تبدیلی نے ہمیں اخبارات کو سحری کے بجائے، افطار کے بعد شائع اور تقسیم کرنے پر مجبور کیا۔"
اخبار 'السیاست' نے کویت میں افطار کے بعد اخبار نکالنے کے روایت سے بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے مارننگ ایڈیشن جوں کہ توں شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ کویت کے پانچ اخبار مالکان نے اجتماعی طور پر فیصلہ کیا کہ رمضان المبارک کے دوران اخبارات شام کے وقت شائع کئے جائیں۔
روزنامہ 'السیاست' کے مدیر محمد الجار اللہ نے کہا ہے کہ عالمی منڈی شب آٹھ یا نو بجے بند ہوتی ہے۔ یہی حال مختلف خبروں پر سامنے آنے والے ردعمل کا ہے۔ جن قارئین کو ہمارا اخبار صبح کو پڑھنے کو ملے گا وہ یقینا اس میں رمضان کے ایوننگ ایڈیشن پڑھنے والوں سے مختلف خبریں دیکھ سکیں گے۔
سنہ 1986 کے بعد سے اخبارات کے درمیان سب سے پہلے خبر دینے اور اخبار کو جلد شائع کرنے کا مقابلہ جاری ہے جس کہ وجہ سے پرنٹ ایڈیشنز میں عرب خطے اور دنیا کے دوسرے ملکوں کی بعض اہم خبریں اور ان کی تفصیل شائع ہونے سے رہ جاتی ہے۔