دو ارب ریال مالیت کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
سعودی عرب میں انسان دشمن مکروہ دھندے میں ملوث آٹھ سو افراد گرفتار
سعودی عرب میں منشیات کے مکروہ دہندے کے خلاف سخت ترین قوانین کے نفاذ کے باجود سماج دشمن عناصر کی بڑی تعداد اس قبیح کاروبار میں ملوث دکھائی دیتی ہے۔ حال ہی میں ملک میں منشیات سمگلنگ میں ملوث عناصر کی بڑی تعداد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ریاض وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ پچھلے تین ماہ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 278 سعودی باشندوں سمیت 849 افراد کو منشیات اسمگنگ کی پاداش میں حراست میں لیا ہے جن کے قبضے سے دو ارب ریال سے زاَئد مالیت کی منشیات قبضے میں لی گئی ہیں۔ حراست میں لیے گئے سماج دشمن عناصرمیں سعودی عرب کے علاوہ اکتیس مختلف ممالک کے افراد شامل ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ سماج دشمن عناصر کی کامیاب گرفتاریوں میں پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا بھی دخل ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی جانوں پر کھیل کر منشیات مافیا کے خلاف کامیاب آپریشن کیے۔ کرپشن مافیا کے خلاف آپریشن میں سعودی عرب کے دو پولیس اہلکار شہید اور پندرہ زخمی ہوئے جبکہ منشیات کے چار اسمگلروں کو ہلاک اور چھ کو زخمی کیا گیا۔
منصور الترکی کا کہنا تھا کہ منشیات مافیا کے قبضے سے "ایم ویٹامین" نامی منشیات کی 12 ملین، تین لاکھ 31 ہزار، ایک سو 73 گولیاں، چھ ٹن سے زیادہ مقدار میں حشیش، چھ کلو گرام ہیروئن اور شعبہ طب میں استعمال ہونے والی سکون آور گولیاں شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضےسے مجموعی طور پر ایک کروڑ، 26 لاکھ، 84 ہزار 971 ریال نقدی اور 210 ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں منشیات مافیا کی سرگرمیوں کو تصاویر کے آئینے میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔