شام: داعش کے ہاتھوں 150 عیسائی اغوا
سخت گیر جنگجو گروپ دولتِ اسلامی (داعش) نے شام کے شمال مشرق میں واقع دیہات سے کم سے کم 150 آشوری مسیحیوں کو اغوا کر لیا ہے۔
شام اور بیرون ملک کام کرنے والی متعدد این جی اوز کے نمائندہ ایک شامی مسیحی گروپ نے تصدیق کی ہے کہ جنگجوئوں نے خواتین اوربوڑھوں سمیت کم از کم 150 افراد کو اغوا کر لیا ہے۔
اس سے پہلے برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے منگل کو اطلاع دی ہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے آج علی الصباح الحسکہ شہر کے مغرب میں واقع قصبے تل حمیس اور اس کے نواحی دیہات تل تمر،تل ہرمز اور تل شامیرام میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران قدیم آشوری مسیحی اقلیت سے تعلق رکھنے والے 90 افراد کو یرغمال بنا کر ساتھ لے گئے ہیں۔
داعش کے جنگجوؤں نے آشوری مسیحیوں کے دیہات میں یہ کارروائی عراق کی سرحد کے نزدیک شام کے شمال مشرقی علاقے میں شامی کردوں کی چڑھائی کے بعد کی ہے۔ اس علاقے میں اتوار سے شامی کردوں اور داعش کے کے درمیان لڑائی ہورہی ہے اور اس میں داعش کے متعدد جنگجو مارے گئے ہیں۔