بغداد میں بم دھماکے اور حملے ،9 افراد ہلاک
عراق کے دارالحکومت بغداد میں اتوار کو مختلف بم دھماکوں اور حملوں میں نو افراد ہلاک اور کم سے کم تیس زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق سب سے تباہ کن بم دھماکا دارالحکومت کے شمالی علاقے سابی البور میں ایک مارکیٹ میں ہوا ہے جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے ہیں۔
شہر کے مشرقی علاقے بغداد الجدید میں دو تیز رفتار کاروں میں سوار مسلح افراد نے پولیس کے ایک چیک پوائنٹ پر اندھا دھند فائرنگ کی ہے جس سے تین پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
بغداد کے جنوب مغربی علاقے سویب میں ایک اور بم دھماکا ہوا ہے جس میں دو شہری ہلاک اور گیارہ زخمی ہوگئے ہیں۔بغداد کے محکمہ صحت کے ذرائع نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔فوری طور پر کسی گروپ نے بغداد میں ان بم حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔
عراق کے شمال اور شمال مغرب میں واقع قریباً پانچ صوبوں پر قابض سخت گیر جنگجو گروپ داعش پر ماضی میں اس طرح کے بم دھماکوں کے الزامات عاید کیے جاتے رہے ہیں۔یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب شمالی شہر تکریت میں عراق کی سکیورٹی فورسز نے داعش کے مقابلے میں اپنی فتح کا اعلان کیا ہے اور امریکا کی قیادت میں اتحادی طیاروں نے شمال مغربی علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔