امریکا سے ایف 16 طیاروں کی پہلی کھیپ عراق پہنچ گئی
امریکا کی جانب سے پہلی کھیپ میں بھیجے گئے چار فائٹر فالکن (ایف) سولہ لڑاکا طیارے آج سوموار کو عراق میں پہنچ گئے ہیں۔
عراق کی وزارت دفاع نے اپنی ویب سائٹ پر ان چار ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی بلد کے ہوائی اڈے پر اُترنے کی اطلاع دی ہے۔داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد کے لیے امریکی صدر براک اوباما کے نائب ایلچی بریٹ میکگرک نے بھی ان طیاروں کے عراق پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔
انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک مختصر تحریر میں لکھا ہے کہ ''امریکا میں کئی سال کی تربیت اور تیاریوں کے بعد عراقی پائیلٹ ایف سولہ طیاروں کا پہلا اسکوارڈرن لے کر عراق میں اُتر گئے ہیں''۔
واضح رہے کہ دارالحکومت بغداد سے قریباً ستر کلومیٹر شمال میں واقع بلد میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر امریکا سے عراق کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی میں تاخیر ہوئی ہے۔اس سال کے اوائل میں بلد کے نزدیک داعش کے جنگجوؤں اور عراق کی سرکاری فوج کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہی تھیں جس کے پیش نظر اس شہر کو لڑاکا جیٹ کی دیکھ بھال کے لیے آنے والے امریکی کنٹریکٹروں کے لیے غیر محفوظ خیال کیا جاتا تھا۔