اسرائیلی فوج پر فلسطینی شہداء کے اعضاء چوری کا الزام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینی شہداء کے جسد خاکی کے پوسٹم مارٹم کی آڑ میں ان کے اعضاء چوری کرنے میں ملوث ہے جبکہ اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب دانی دانون نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے یہود دشمنی قرار دیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق فلسطینی سفیر نے سلامتی کونسل میں برطانوی مندوب میتھیو ریکوریوی کے نام خط میں انکشاف کیا کہ اسرائیلی فوج فلسطینی شہداء کے جسد خاکی کے پوسٹم مارٹم کی آڑ میں ان میں مختلف اعضاء چوری کر رہی ہے۔

فلسطینی مندوب کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے مہینے میں اسرائیلی فوجیوں ںے کئی فلسطینی شہری بے دردی سے شہید کئے اور ان کی میتیں ورثاء کو بہت دیر بعد واپس کیں۔ ان میں سے جن شہداء کے جسد خاکی ورثاء کے حوالے کیے گئے ان میں سے بعض کی آنکھیں نکال لی گئی ہیں۔ بعض شہداء کی آنکھوں کی بیرونی جھلی نکالی گئی اور جسم کے دوسرے اعضاء بھی کاٹے گئے ہیں۔

درایں اثناء اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر دانی دانون نے یو این سیکرٹری جنرل بان کی مون کے نام خط میں فلسطینی مندوب ریاض منصور کے عاید کردہ الزامات مسترد کرنے کے ساتھ انہیں یہود دشمنی سے تعبیر کیا ہے۔

اسرائیلی سفیر کا کہنا ہے کہ یہود دشمن اقوام متحدہ کے رکن نہیں ہو سکتے۔ فلسطینی سفیر نے اسرائیل پر جو الزام عاید کیے ہیں وہ ان کی اپنی یہود دشمنی کی حقیقی تصویر کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ دانی دانون نے بان کی مون سے ریاض منصور کے بیان کی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے اس کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں