عراق: موصل کو آزاد کرانے کے لیے فوجی تیاریاں
عراقی فوج نے شمالی شہر موصل کو داعش تنظیم کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے فیصلہ کن معرکے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس آپریشن کا سب ہی کو شدت سے انتظار ہے, جس کے بارے میں حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ یہ رواں سال کیا جائے گا۔
شمالی عراق میں اس معرکے کی تیاری کے لیے جمع ہونے والی فورسز نے متعدد سمتوں سے نینویٰ صوبے کا گھیراؤ کرلیا ہے۔ اس حکمت عملی کا مقصد داعش تنظیم کو شکنجے میں کسنا نظر آتا ہے۔
اس دوران نینویٰ آپریشنز کے کمانڈر نے آپریشن کو کامیاب بنانے اور فوجیوں کا مورال بلند کرنے کے لیے علاقے کا گشت اور ان سے ملاقاتیں کیں۔ فوجی ذرائع نے اس حوالے سے عراقی فورسز کے کمانڈ آپریشن روم اور اتحادی افواج کے درمیان اعلیٰ سطح کی کوآرڈینیشن کی تصدیق کی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اتحادی افواج فضائی معاونت کے ذریعے آپریشن میں شریک ہوں گی۔
اس کے علاوہ کرد بیشمرگہ فورسز کا بھی تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔ اگرچہ اس حوالے سے بہت سی سیاسی پیچیدگیاں موجود ہیں تاہم بیشمرگہ فورسز لڑائی میں سرکاری فوج کے شانہ بشانہ ہوں گی۔ واضح رہے کہ داعش تنظیم کی دہشت گردی کی وجہ سے کردستان میں شدید اندیشوں کا راج ہے کیوں کہ داعش عربوں اور کردوں میں کوئی فرق نہیں کرتی۔
اس معرکے میں میڈیا کی اہمیت کو جانتے ہوئے نینویٰ صوبے کو آزاد کرانے سے متعلق آپریشنز کمانڈر نے بتایا کہ جنگی کوریج میں مہارت رکھنے والے میڈیا کے افراد کو زمینی پیش رفت کی حقیقی تصویر پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا تاکہ افواہوں اور غلط خبروں سے دور رہا جا سکے۔
موصل آپریشن کچھ عرصہ قبل رمادی میں کیے جانے والے کامیاب آپریشن کی بنیاد پر شروع کیا جا رہا ہے۔ عراقی افواج نے داعش کے ساتھ خونریز لڑائی کے بعد رمادی شہر کا کنٹرول مکمل طور پر واپس لے لیا تھا۔
دوسری جانب الانبار صوبے کے گورنر صہیب الراوی کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ بغداد میں اپنے عارضی صدر دفاتر کو بند کرنے کے بعد صوبے میں واپس آرہی ہے تاکہ انبار صوبے کی تعمیر نو اور نقل مکانی کر جانے والی آبادی کی واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
بغداد حکومت اور پوری دنیا موصل آپریشن کی کامیابی کی توقع کررہی ہے جو داعش تنظیم کی دہشت کی علامت بن جانے کی وجہ سے شام کے شہر الرقہ کے مماثل ہے۔
-
عراق : داعش نے موصل میں 300 افراد کو موت کی نیند سلا دیا
عراقی صوبے نینویٰ میں اثیل النجیفی کے زیر قیادت "نیشنل موبیلائزیشن" نے ...
مشرق وسطی -
داعش کم زور اور کم پڑ گئے : امریکی انٹیلی جنس رپورٹ
عراق اور شام میں داعشیوں کی تعداد 19 سے 25 ہزار کے درمیان رہ گئی
صفحة اول -
امریکا، عراق کو دو ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرے گا
امریکی وزارت دفاع 'پینٹاگان' نے عراق کو سمارٹ بموں، "ای آئی ایم" ...
مشرق وسطی