اردن: عرب سربراہ اجلاس 29 مارچ کو ہو گا
اردن نے آئندہ عرب سربراہ کا اجلاس منعقد کرنے کے لیے 29 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔
اردن کے وزیر خارجہ ناصر جودہ نے ایک اخباری بیان میں (جس کی نقل العربیہ ڈاٹ نیٹ کو موصول ہوئی) بتایا ہے کہ 28 واں عرب سربراہ اجلاس آئندہ برس مارچ کی 29 تاریخ کو دارالحکومت عمان میں منعقد ہوگا۔
وزیر خارجہ کے مطابق سربراہ اجلاس سے قبل مارچ کی 23 تاریخ سے وزراء ، مستقل مندوبین اور اعلی ذمے داران کی سطح پر سیاسی ، اقتصادی اور تکنیکی نوعیت کے تمہیدی اجلاسوں کا سلسلہ شروع ہو گا۔
ناصر جودہ کے بیان کے مطابق عرب لیگ کے سکریٹریٹ کو اجلاس کی تاریخ سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور اجلاس کے انعقاد کے انتظامات کے حوالے سے لیگ کے مختلف ذیلی اداروں کے ساتھ کوآرڈی نیشن عمل میں لائی جائے گی۔ اردن کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ مملکت کے شاہ عبداللہ دوم اجلاس میں شرکت کے لیے برادر عرب ممالک کے فرماں رواؤں اور سربراہان کو سرکاری طور پر دعوت دیں گے۔