بیت المقدس: اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں فلسطینی جاں بحق
فلسطینی اراضی میں مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں بدھ کی شب ایک علاقے میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران ایک فلسطینی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ اسرائیلی فوج کے اعلان کے مطابق یہ واقعہ ایک فلسطینی حملہ آور کا گھر منہدم کرنے کے لیے آنے والی اسرائیلی فوج کے پہنچنے کے بعد پیش آیا۔
اسرائیلی فوج کی ترجمان کا کہنا ہے کہ جھڑپوں کے دوران مشتبہ افراد نے اسرائیلی فوجیوں پر دھماکا خیز مواد پھینکے ، فوجیوں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک مشتبہ شخص ہلاک ہو گیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والے 19 سالہ نوجوان کا نام احمد الخروبی ہے۔
مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ یہ جھڑپیں علاقے میں واقع قصبے کے نوجوانوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان ہوئیں جس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب قصبے پر دھاوا بولا تھا۔