شام : بشار حکومت اپوزیشن کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر تیار
شام کے سرکاری ٹی وی نے پیر کے روز سرکاری ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ بشار حکومت اپوزیشن کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے لیے تیار ہے۔
شامی حکومت کے زیر انتظام نیوز ٹیلی وژن پر بریکنگ نیوز میں بتایا گیا کہ حکومت اپوزیشن گروپوں کے قبضے میں موجود مرد ، خواتین اور بچوں سمیت تمام شہریوں اور عسکری اہل کاروں کے بدلے اپنی حراست میں موجود قیدیوں کو حوالے کرنے پر آمادہ ہے۔
اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ یہ پیش رفت آستانہ میں آئندہ اجلاس کے واسطے کی جانے والی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔
اس سے قبل قازقستان کی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز بتایا تھا کہ 15 اور 16 فروری کو آستانہ میں شامی بحران کے حوالے سے منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے شامی حکومت اور اپوزیشن کے وفود کو سرکاری طور پر دعوت دے دی گئی ہے۔