شامی ڈیموکریٹک فورس کا الرقہ انتظامی کونسل کے قیام کا اعلان
امریکا کی حامی کرد عرب اتحاد 'شامی ڈیموکریٹک فورس' نے الرقہ شہر کو داعش سے آزاد کروانے کے بعد شہر کے انتظامی معاملات چلانے کے لئے 'شہری کونسل' کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
شامی ڈیموکریٹک فورسز [SDF] کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ "الرقہ کی شہری کونسل الرقہ اور اس کے مضافاتی علاقے کے انتظامی امور کی ذمہ دار ہوگی۔"
اس کونسل کا اعلان الرقہ سے تقریبا 50 کلومیٹر دور داعش کے سابقہ گڑھ عین عیسیٰ میں ایک میٹنگ کے دوران کیا گیا تھا۔ شامی ڈیموکریٹک فورسز نے داعش کے شام میں مضبوط گڑھ الرقہ کو آزاد کروانے کے لئے نومبر میں امریکی اتحاد کی مدد سے آپریشن شروع کیا تھا۔
اب جب الرقہ کی آزادی کا وقت قریب پہنچ چکا ہے تو یہ سوال سامنے آیا ہے کہ صوبے کے انتظامات کس کے حوالے ہوں گے۔
شامی ڈیموکریٹک فورس کی ایک ترجمان جہان شیخ احمد کے مطابق "کونسل میں الرقہ سے تعلق رکھنے والے افراد ہوں گے۔ ہماری تنظیم داعش کو مکمل طور پر شہر سے باہر نکالنے کے بعد تمام انتظامات اس کونسل کے حوالے کردیں گے۔"
گروپ کے ایک اور ترجمان طلال سیلو کے مطابق ایک فوجی کونسل کا قیام بھی باضابطہ طور پر عمل میں لایا جائے گا تاکہ وہ داعش کی شکست کے بعد شہر کی سیکیورٹی کے معاملات کو قابو میں لاسکے۔
طلال سیلو نے عالمی خبررساں ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "شامی ڈیموکریٹک فورس عالمی اتحاد کے تعاون سے الرقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ٹریننگ دے گی تاکہ شہر کی آزادی کے بعد اس کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
اس سے قبل SDF گروپ الرقہ کے مضافات میں داعش کے زیر تسلط قصبے طبقہ میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ طبقہ اور اس سے متصل طبقہ ڈیم الرقہ کو آزاد کروانے کی لڑائی میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
-
شام: الرقہ سے داعش کمانڈروں کا خاندان سمیت اجتماعی فرار
شام میں داعش کے ایک اہم ترین گڑھ الرقہ شہر کے گرد گھیرا تنگ ہونے کے ساتھ ہی تنظیم ...
مشرق وسطی -
شام:الرقہ میں 100 امریکی سپاہیوں کے اتارے جانے کی اطلاعات
حلب اور الرقہ کے درمیان سپلائی روٹ بند کردیا گیا
مشرق وسطی -
الرقہ میں داعش کے زیرتسلط علاقوں سے 300 خاندان فرار
فرار ہونے والوں میں جنگجوؤں کے اہل خانہ بھی شامل
مشرق وسطی